ریاض میں ہمارا پاکستان جشنِ آزادی شو پاکستانیوں کی بھرپور شرکت

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہمارا پاکستان جشنِ آزادی شو کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں پاکستانی مرد و خواتین نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی ثقافت، روایات اور ملی جذبے کو اجاگر کیا گیا، جبکہ معروف گلوکاروں نے قومی و ملی نغمے پیش کرکے شرکا کا لہو گرمایا۔
تقریب میں سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے خصوصی شرکت کی، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
شو کی میزبانی خرم خان نے کی۔
قومی نغموں کی دھنوں نے تقریب کو حب الوطنی کے رنگ میں رنگ دیا۔ گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کرکے شائقین کو محظوظ کیا، جبکہ شرکا نے پاکستان سے اپنی محبت اور والہانہ وابستگی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ اور اثاثہ ہیں، جو زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی محنت، صلاحیت اور خدمات کے ذریعے وطن کی خدمت کا فریضہ بخوبی انجام دے رہے ہیں۔
ہمارا پاکستان کے آرگنائزر خرم خان نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے جشنِ آزادی کے موقع پر اس تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد پردیس میں پاکستانی ثقافت، روایات اور وطن سے محبت کے جذبات کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ نئی نسل کو پاکستان کی ثقافت اور قومی تشخص سے جوڑا جا سکے۔
ریاض میں منعقدہ ہمارا پاکستان جشنِ آزادی شو نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو وطن کی یاد، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب کا اختتام ملی جذبے، قومی نغموں اور پاکستان سے محبت کے اظہار کے ساتھ ہوا۔



