سعودی عرب کے تاریخی ورثے پر پاکستانی سفیر احمد فاروق کی تخلیق کردہ پینٹنگز کی نمائش، شہزادہ سلطان بن سلمان اور جنرل (ر) راحیل شریف کی خصوصی شرکت
نمائش کے دوران شرکاء نے پینٹنگز میں سعودی عرب کے تاریخی ورثے اور ثقافتی رنگوں کی عکاسی کو سراہا

ریاض (حمزہ عباس) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفیر احمد فاروق کی تخلیق کردہ پینٹنگز کی نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہزادہ سلطان بن سلمان آل سعود، اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل (ر) راحیل شریف سمیت مختلف ممالک کے سفیروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی
ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر میں منعقدہ اس نمائش میں پاکستانی سفیر احمد فاروق کی جانب سے تخلیق کردہ فن پارے پیش کیے گئے، جن میں سعودی عرب کے تاریخی علاقے الدرعیہ، قدیم عرب معاشرت، روایات اور ثقافت کو نہایت خوبصورتی سے کینوس پر پیش کیا گیا ہے
سفیر پاکستان احمد فاروق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے

نمائش کے دوران شرکاء نے پینٹنگز میں سعودی عرب کے تاریخی ورثے اور ثقافتی رنگوں کی عکاسی کو سراہا
اس موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب قدیم عرب روایات اور تاریخی ورثے کا امین ملک ہے۔ انہوں نے گزشتہ تین سال کے دوران ریاض کے تاریخی علاقے الدرعیہ کو اپنی پینٹنگز کا موضوع بنایا، جس کا مقصد آرٹ کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی تعلقات اور مشترکہ ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنا ہے
شہزادہ سلطان بن سلمان آل سعود نے سفیر پاکستان کی فنی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس خوبصورت انداز میں پینٹنگز کے ذریعے سعودی ثقافت اور روایات کو پیش کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنی ثقافت اور روایات کے حوالے سے دنیا بھر میں منفرد شناخت رکھتا ہے، جبکہ پاکستان بھی ایک خوبصورت ملک ہے اور اس کی عوام بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے


