ریاض میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام یومِ اقبال کی تقریب، رہنماؤں اور کارکنوں کی شرکت

ریاض (حمزہ عباس): پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے زیر اہتمام شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی عہدیداران، رہنماؤں اور پاکستانی کمیونٹی کی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں صدر پیپلز پارٹی ریاض ریجن احسن عباسی، جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی ویمن ونگ گلف فرح عباسی، جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی گلف خالد رانا، رہنما پیپلز پارٹی مشتاق بلوچ، طیب رضا، شریف بلوچ بھٹو، الیاس رحیم، وقار نسیم وامق اور ذکا اللہ محسن سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب میں علامہ محمد اقبالؒ کی فکر، فلسفۂ خودی، نوجوان نسل کے لیے ان کے پیغام اور امتِ مسلمہ کی بیداری کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا پیغام خود اعتمادی، علم، عمل اور اتحاد کا درس دیتا ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر نوجوان نسل قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔
تقریب کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں میں فکرِ اقبال کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو شاعرِ مشرق کی ادبی و فکری خدمات سے روشناس کرانا تھا۔


