ریاض میں پاکستانی آموں کی خوشبو بکھر گئی، سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام مینگو فیسٹیول کا انعقاد
تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان احمد فاروق تھے، جبکہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ منسٹر ڈاکٹر شگفتہ سمیت متعدد اوورسیز پاکستانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ریاض: سفارت خانہ پاکستان، ریاض کے زیر اہتمام رنگا رنگ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے مختلف علاقوں کے اعلیٰ معیار کے آموں کی اقسام نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ تقریب میں سعودی شہریوں، پاکستانی کمیونٹی، سفارتی شخصیات اور کاروباری حلقوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان احمد فاروق تھے، جبکہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ منسٹر ڈاکٹر شگفتہ سمیت متعدد اوورسیز پاکستانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
فیسٹیول میں پیش کیے گئے پاکستانی آموں میں سندھڑی، چونسا، انور رٹول، لنگڑا، دوسہری، سرولی، سفید چونسا، کالا چونسا، فجری، طوطا پری، بہشتی، مالدہ اور دیگر معروف اقسام شامل تھیں۔ شرکاء نے پاکستانی آموں کے منفرد ذائقے، خوشبو اور اعلیٰ معیار کو بے حد سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین آم پیدا کرنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے اور پاکستانی آم اپنے منفرد ذائقے، خوشبو اور معیار کی بدولت سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ثقافتی اور تجارتی پروگرام دونوں برادر ممالک کے درمیان عوامی روابط اور زرعی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب میں شرکاء نے مختلف اقسام کے آم چکھے اور پاکستانی زرعی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ منتظمین کے مطابق مینگو فیسٹیول کا مقصد سعودی مارکیٹ میں پاکستانی آموں کی مزید ترویج، برآمدات میں اضافہ اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔



