اسلام آباد میں ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اہم کانفرنس

ٹی ڈی سی انٹرنیشنل ہسپتال میں ذیابیطس کا عالمی دن 2026 ’’ذیابیطس پر بروقت اقدام‘‘ کے عنوان سے منایا گیا
ماہرین کا ذیابیطس کی جلد تشخیص، باقاعدہ اسکریننگ اور احتیاطی تدابیر پر زور
اسلام آباد: دی ذیابیطس سینٹر (ٹی ڈی سی) کے زیرِ اہتمام ذیابیطس کا عالمی دن 2026 ٹی ڈی سی انٹرنیشنل ہسپتال، مری ایکسپریس وے، نزد پھلگراں ٹول پلازہ، اسلام آباد میں بھرپور انداز سے منایا گیا۔ امسال یہ دن عالمی موضوع ’’ذیابیطس پر بروقت اقدام‘‘ کے تحت منایا گیا، جس میں سرکاری اداروں، شعبۂ صحت، کاروباری برادری، سول سوسائٹی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
سی ای او ٹی ڈی سی ظہیر ظہیرالدین بابر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹی ڈی سی کا مشن ہر شہری تک ذیابیطس کی معیاری اور کم خرچ دیکھ بھال پہنچانا ہے، اور ادارہ آگاہی و اسکریننگ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دے گا۔ چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ذیابیطس کی بلند ترین شرح والے ممالک میں شامل ہے، تاہم جلد تشخیص اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیوں کے ذریعے اس کی پیچیدگیوں سے بڑی حد تک بچا جا سکتا ہے۔
ستارۂ امتیاز ڈاکٹر مظفر لطیف گِل نے کہا کہ ذیابیطس کا بروقت علاج اور مریضوں کی مسلسل نگرانی اس مرض کی سنگین پیچیدگیوں سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔ جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل کے سی ای او جناب یاسر نیازی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرکاری و نجی اداروں کا باہمی تعاون ذیابیطس کے خلاف جدوجہد کو مزید مؤثر بنا سکتا ہے۔ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ نوجوان نسل میں صحت مند طرزِ زندگی کا فروغ ذیابیطس کے بڑھتے رجحان کو روکنے کے لیے ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ڈی سی ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو 2012 سے اسلام آباد، کراچی، ساہیوال، چارسدہ اور راولاکوٹ میں ذیابیطس کے مریضوں کو کم خرچ، قابلِ رسائی اور جامع طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ٹی ڈی سی انتظامیہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ذیابیطس کے خلاف آگاہی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


