عید کی چھٹیوں بڑھانے کے حوالے سے وزیراعظم کو خط لکھ دیا گیا
بیشتر ملازمین کا تعلق دور دراز علاقوں سے ہے لہذا عید کی چھٹیاں 29 کی بجائے 28 تاریخ سے دی جائیں، خط کا متن
اسلام آباد (نمائندہ ٹوئن سٹی نیوز) عید کی چھٹیوں سے متعلق وزیراعظم کو خط لکھ دیا گیا۔ خط میں وزیراعظم سے درخواست کی گئی کہ بیشتر ملازمین کا تعلق دور دراز علاقوں سے ہے لہذا عید کی چھٹیاں 29 کی بجائے 28 تاریخ سے دی جائیں۔ ملازمین کو اپنے آبائی علاقوں میں جانے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، محدود ٹرانسپورٹ اور طویل سفر اس کی وجوہات ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 3 سرکاری چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ پر 29 جون سے یکم جولائی تک چھٹیوں کی منظوری دیدی، منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے سرکاری چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سطح پر عید پر 2 روز کی سرکاری چھٹی ہوگی، وفاقی ملازمین کیلئے جمعرات اور جمعہ کی چھٹی ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتہ میں چھ روز کام کرنے والے دفاتر کیلئے تین چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے، 6 روز کام کرنے والے دفاتر کیلئے جمعرات ،جمعہ اور ہفتہ کی چھٹی ہوگی۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کل ذوالحج کا چاند نظر آگیا تھا جس کے بعد عید 29 جون 10 ذوالحج کو منائی جائے گی۔