انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد

رپورٹ: مریم داؤد

اسلام آباد،  انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں بدھ کے روز فاطمہ بلاک آڈیٹوریم میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی کے لیے ایک سیمینار بعنوان  ’ان سائیڈ مائی مائنڈ‘‘ (Inside My Mind)منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ذہنی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا، معاشرے میں اس حوالے سے پائے جانے والے منفی تصورات اور سماجی رویوں کا خاتمہ کرنا اور طلبہ کو اپنے ذہنی مسائل پر کھل کر بات کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

 

سیمینار میں ذہنی صحت کے ماہرین اور طلبہ نے شرکت کی، جہاں ذہنی دباؤ، بے چینی، ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی مسائل کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ پروگرام میں ماہرِ نفسیات ڈاکٹر فروا گیلانی، سائیکالوجسٹ انعم خالد اور شعبۂ نفسیات کی سربراہ ڈاکٹر نازیہ اقبال نے اپنے خیالات اور پیشہ ورانہ نقطۂ نظر کا اظہار کیا۔

 

پروگرام کا آغاز ’’ان سائیڈ مائی مائنڈ‘‘ کے تعارف سے ہوا، جس میں ذہنی صحت کے مسائل کو سمجھنے، ان پر گفتگو کرنے اور متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی اور تعاون کا رویہ اپنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ڈپریشن اور بے چینی سے متعلق عام غلط فہمیوں اور ان وجوہات پر بھی بات کی گئی جن کے باعث لوگ اپنے ذہنی مسائل دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔

 

سیمینار کے پہلے سیشن میں ماہرِ نفسیات ڈاکٹر فروا گیلانی نے  ’’ذہنی صحت کو سمجھنا: علامات سے علاج تک‘‘  کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے ذہنی صحت اور ذہنی بیماری کے فرق، بے چینی، ڈپریشن، پینک اٹیکس، بے خوابی اور ذہنی دباؤ جیسے مسائل کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔ اس سیشن میں اس بات پر بھی توجہ دی گئی کہ عام ذہنی دباؤ کب ایک سنجیدہ مسئلے کی صورت اختیار کر سکتا ہے اور کس مرحلے پر کسی ماہرِ نفسیات سے رجوع کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ نفسیاتی علاج اور ادویات سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

 

دوسرے سیشن میں سائیکالوجسٹ انعم خالد نے ’’اپنے ذہن کو سمجھنا: جذبات، رویے اور مسائل سے نمٹنے کے طریقے‘‘کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے جذباتی تھکن، ذہنی دباؤ، حد سے زیادہ سوچنے، خود اعتمادی میں کمی اور منفی سوچ جیسے مسائل پر روشنی ڈالی۔ اس کے ساتھ تعلیمی دباؤ، ہم عمروں کے اثرات اور دوسروں سے اپنا موازنہ کرنے کے نفسیاتی اثرات پر بھی بات کی گئی۔ سیشن میں جذبات کو متوازن رکھنے، صحت مند طریقوں سے مشکلات کا سامنا کرنے اور ذہنی مسائل سے دوچار دوستوں کی مدد کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

 

سیمینار کے تیسرے سیشن میں شعبۂ نفسیات کی سربراہ ڈاکٹر نازیہ اقبال نے ’خاموشی توڑنا: ذہنی صحت اور معاشرہ‘‘ کے عنوان سے گفتگو کی۔ انہوں نے پاکستانی معاشرے میں ذہنی بیماریوں سے متعلق پائے جانے والے منفی تصورات، نفسیاتی مدد حاصل کرنے میں لوگوں کی ہچکچاہٹ اور خاندانی، ثقافتی، مذہبی اور معاشرتی عوامل کے اثرات پر بات کی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی اور طلبہ کے لیے ایک مثبت اور معاون ماحول کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

 

سیمینار کا ایک اہم اور دلچسپ حصہ انٹرایکٹو پینل ڈسکشن  ’دی اوپن باکس — آوازیں جو سنی نہیں جاتیں‘‘ تھا۔ اس سرگرمی میں طلبہ اور دیگر شرکاء کی جانب سے جمع کروائے گئے گمنام ذاتی تجربات، مسائل اور مختلف صورتحال پر مبنی سوالات ایک باکس میں رکھے گئے۔ تینوں مقررین نے باری باری ان میں سے سوالات اور صورتحال منتخب کیں اور اپنے پیشہ ورانہ تجربے کی روشنی میں ان پر رائے اور رہنمائی فراہم کی۔ اس سرگرمی کا مقصد شرکاء کو بغیر کسی خوف یا تنقید کے اپنے مسائل بیان کرنے اور مختلف نقطۂ نظر سے انہیں سمجھنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

 

اس کے بعد سوال و جواب کا ایک خصوصی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء کو مقررین سے براہِ راست سوالات کرنے کا موقع ملا۔ اس دوران ذہنی صحت، نفسیاتی آسودگی اور روزمرہ زندگی میں پیش آنے والے مسائل سے متعلق سوالات اٹھائے گئے، جبکہ مقررین نے شرکاء کی رہنمائی کی اور ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی۔

 

سیمینار کا اختتام اختتامی کلمات کے ساتھ ہوا، جس کے بعد مہمان مقررین میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں اور گروپ فوٹوز بھی بنائی گئیں۔

 

’’ان سائیڈ مائی مائنڈ‘‘ کے ذریعے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد نے اس اہم پیغام کو اجاگر کیا کہ ذہنی صحت کے مسائل کو خاموشی یا شرمندگی کا موضوع بنانے کے بجائے ان پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ سیمینار نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی مسائل کو نظر انداز کرنے کے بجائے انہیں سمجھنا، متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرنا اور بروقت پیشہ ورانہ مدد حاصل کرنا ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے نہایت ضروری ہے۔

 

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button