مریم اورنگزیب مسلم لیگ (ن) کی بلا مقابلہ سیکریٹری اطلاعات منتخب ہو گئیں
اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب مسلم لیگ (ن) کی بلامقابلہ سیکریٹری اطلاعات منتخب ہو گئیں۔
جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسل کے اجلاس میں مریم اورنگزیب نے سیکریٹری اطلاعات کے عہدہ کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، ان کے مد مقابل کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے، اس طرح وہ مسلم لیگ (ن) کی بلا مقابلہ سیکریٹری اطلاعات منتخب ہو گئیں۔
مریم اورنگزیب چار سال (2023ءسے 2027) کی مدت کے لئے پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات ہوں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات منتخب ہونا میرے لئے باعث فخر ہے، اعتماد کرنے پر پارٹی قائدین اور کارکنوں کی مشکور ہوں۔ ان شاءاللہ پارٹی قائد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔