مجلس پاکستان کے وفد کی ویلفیئر اتاشی سے اہم ملاقات، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل زیر بحث

ریاض: سفارت خانہ پاکستان میں مجلس پاکستان کے وفد کی ویلفیئر اتاشی سے اہم ملاقات، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل زیر بحث
ریاض میں قائم سفارت خانہ پاکستان میں مجلس پاکستان کے ایک وفد نے ویلفیئر اتاشی صاعد عزیز سے ملاقات کی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں سرپرست مجلس پاکستان سید ثاقب زبیر، صدر مجلس پاکستان رانا عبد الروف اور پاکستان انوسٹر اینڈ بزنس فورم کے جنرل سیکرٹری ظفر جاوید بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مختلف مسائل، خصوصاً لیبر، قانونی رہنمائی، قونصلر سروسز اور کمیونٹی ویلفیئر سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ وفد نے پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے سفارت خانے کے کردار کو سراہا اور مزید بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
ویلفیئر اتاشی صاعد عزیز نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ سفارت خانہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور کمیونٹی کی سہولت کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔



