اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے
وزیر مملکت حنا ربانی کا دفتر خارجہ میں یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ٹوئن سٹی نیوز): جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک تقریب منعقد ہوئی جبکہ ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر، وزارت خارجہ کے افسران اور عملے کے اراکین نے شرکت کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے، کشمیری عوام 75 برس سے انڈیا کے جبر اور ظلم برداشت کررہے ہیں، پاکستان مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 سے شروع ہونے والا ظلم آج بھی جاری ہے، انڈیا مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کررہا ہے۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت علاقہ میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر قانونی ڈومیسائل جاری کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو سری نگر میں اپنی فوجیں اتار کرکشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ تقریب کے دوران کشمیر کے بارے میں نغمہ ”میرے وطن“ کا اجراءبھی کیا گیا، تقریب میں کشمیری عوام کے لئے دعا بھی کی گئی۔
بعد ازاں یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ سے ریلی کا آغاز ہوا جس کے شرکا پارلیمنٹ ہائوس کے راستے ڈی چوک تک گئے جہاں صبح دس بجے سائرن بجائے گئے۔ یوم سیاہ کے موقع پر دفتر خارجہ سے ایک ریلی نکالنے کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنا تھا۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے بھی ریلی میں شرکت کی، ریلی میں کشمیری رہنما اور دیگر حکومتی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ 27 اکتوبر کا دن پر سال یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے، 1947 میں اسی روز بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر زبردستی فوجی طاقت سے قبضہ کیا تھا۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر اور دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی خواہش اور حق خودارادیت کی جدوجہد کو زیادہ عرصہ تک نہیں دباسکتا۔
انہوں نے کشمیری عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے گزشتہ 75 برس میں بھارتی قابض افواج کا مقابلہ انتہائی دلیری سے بھرپور مقابلہ کیا ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے دوران اب تک لاکھوں شہدا نے اپنی جانوں کی قربانی پیش کی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے چشم پوشی نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو زیادہ دیر تک نہیں دباسکتا۔