کسی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا جائے گا

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا جلد اعلان کرے گا، کسی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا جائے گا، جن لوگوں پر توڑ پھوڑ کا الزام لگ رہا ہے وہ ہماری عدالتوں کا سامنا کریں گے۔

نیو یارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دورہ نیویارک اختتام پذیر ہوا، اس دوران سربراہان مملکت اور اہم وفود سے دو طرفہ ملاقاتیں ہوئیں، مجموعی طور پر یہ دورہ کامیاب رہا۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابات کی تاریخ کا جلد اعلان کرے گا، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کسی سیاسی جماعت پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا، کسی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کوئی بھی پاکستان کی خلاف ورزی کرے، لوگوں کے جان و مال کے لیے خطرہ ثابت ہو یا کسی عمارت کو آگ لگانے کو اپنا سیاسی حق کہے تو پاکستان کا آئین و قانون ایسی کوئی اجازت پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی یا مسلم لیگ (ن) سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کو نہیں دیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں پر بلوائی اور توڑ پھوڑ کا الزام لگ رہا ہے وہ ہماری عدالتوں کا سامنا کریں گے، ہوسکتا ہے اس نظام میں کچھ خامیاں ہیں جنہیں ہم بہتر کرنے کی کوشش کریں گے لیکن اس نظام کے اندر ہی اس کے جوابات ہیں، نظام سے باہر کچھ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ملکی قوانین کی خلاف ورزی کرے اور شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچائے اور پھر کہے کہ اس کا سیاست سے تعلق ہے تو اس طرح کی سرگرمیوں پر بلاتخصیص قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ قوانین میں کسی کے ساتھ صنفی امتیاز نہیں برتا جاتا، قانون پر عمل پیرا ہیں، کسی بیرونی قوت کو جوابدہ نہیں ہیں، ہم خود مختار ملک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری ہوں یا دوسرے ممالک سے تعلق رکھتے ہوں، قانون کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف پاکستانی قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، نگران حکومت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ شفاف اور غیر جانبدارانہ رویہ رکھے گی۔

نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری کے امکان کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا اُن کے ساتھ جو بھی قانونی رویہ اختیار کیا جائے گا ہم اسی پر عملدرآمد کریں گے۔

 

مرکزی ڈیسک

ٹوئن سٹی نیوز پاکستان کے دو بڑے شہروں راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی سطح کا ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے،جو جڑواں شہروں کی مقامی خبروں کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی کلچر، خوبصورتی، ٹیلنٹ اور شخصیات کو سامنے لےکر آتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Open chat
رہنمائی حاصل کریں
السلام علیکم! ہم آپ کی کیسے مدد کر سکتے ہیں؟