پیٹرول کے خرچے میں کمی لانا چاہتے ہیں؟ تو یہ آسان طریقے آزما کر دیکھیں
پاکستان میں پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور آنے والے مہینوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
حالیہ برسوں میں الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال بڑھا ہے مگر اب بھی وہ خام ایندھن پر چلنے والی گاڑیوں کی جگہ لینے کے لیے تیار نہیں۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند عام چیزوں کو عادت بنا کر آپ پیٹرول پر کیے جانے والے ماہانہ اخراجات میں کمی لا سکتے ہیں۔
پیٹرول مائلیج کو بہتر بنانے سے فضا میں زہریلی گیسوں کے اخراج کو کم کرنا بھی ممکن ہے۔
سفر کی منصوبہ بندی کریں
اگر ایک گھنٹے کا سفر ایک گھنٹہ 10 منٹ میں طے ہو تو پیٹرول جلنے کی شرح میں 15 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے، تو ہر جگہ جانے کے لیے منصوبہ بندی کرنا ضروری ہے۔
گاڑی کا انجن چلانے سے قبل ایسے راستوں کا انتخاب کریں جہاں ٹریفک کم ہو اور منزل تک جلد پہنچنے میں مدد مل سکے۔
ٹائر پریشر
اگر آپ پیٹرول کی نمایاں بچت کرنا چاہتے ہیں تو جان لیں کہ ٹائر پریشر اس حوالے سے ائیر کنڈیشنر سے زیادہ اہم ثابت ہوتا ہے۔
ٹائر میں ہوا کم ہونے سے پیٹرول کا خرچہ بڑھتا ہے۔
رفتار کا خیال رکھیں
اگر گاڑی کی رفتار بہت زیادہ ہو تو پیٹرول مائلیج بہت تیزی سے کم ہوتی ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ گاڑی کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ سے زیادہ ہونے پر پیٹرول مائلیج میں 3 میل تک کمی آتی ہے۔
غیر ضروری سامان رکھنے سے گریز کریں
گاڑی میں محض اضافی 22 کلوگرام وزن سے پیٹرول مائلیج میں ایک فیصد کمی آتی ہے۔
اگر آپ روزانہ گاڑی استعمال کرتے ہیں تو اس میں اضافی سامان ذخیرہ کرنے سے گریز کریں۔
رفتار کے تسلسل کا خیال رکھیں
اچانک رفتار بڑھانے اور بریکس لگانے سے پیٹرول کے مائلیج میں 15 سے 40 فیصد تک کمی آتی ہے۔
رفتار کو بار بار کم زیادہ کرنے سے ایندھن زیادہ خرچ ہوتا ہے تو یکساں رفتار سے گاڑی چلانے کو ترجیح دیں۔
بریک لگانے کی بجائے رفتار کم کرنے کو ترجیح دیں
آپ بریک لگانے کی بجائے پیڈل سے پیر ہٹا کر گاڑی کی رفتار سست کرکے بھی پیٹرول کی بچت کر سکتے ہیں۔
ائیر کنڈیشنر کا استعمال مخصوص جگہوں پر کریں
اگر آپ ہائی وے پر سفر کر رہے ہیں تو ائیر کنڈیشنر کا استعمال کرنا بہتر ہوتا ہے، مگر شہر کے اندر سفر کرتے ہوئے بہتر ہے کہ ائیر کنڈیشنر کے استعمال سے گریز کریں۔
ائیر کنڈیشنر استعمال کرتے ہیں تو ائیر فلٹر کی صفائی کو لازمی یقینی بنائیں۔
گاڑی کی صفائی
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ گرد سے ہائی وے پر گاڑی کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، خراب کارکردگی کا مطلب زیادہ پیٹرول جلنا ہے، تو اپنی گاڑی کی صفائی کا خیال رکھیں۔
پیٹرول ٹینک کے ڈھکن کا خیال رکھیں
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 17 فیصد گاڑیوں کے پیٹرول ٹینک کے ڈھکن خراب ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں ہر سال کروڑوں گیلن پیٹرول ہوا میں بخارات بن کر اڑ جاتا ہے جبکہ مائلیج میں بھی کمی آتی ہے۔
رکی ہوئی گاڑی کا انجن بند کر دیں
اگر تو آپ ایک منٹ سے زیادہ وقت تک گاڑی کو کسی جگہ روک رہے ہیں تو بہتر ہے کہ انجن کو بند کردیں۔
ماہرین کے مطابق رکی ہوئی گاڑی کا انجن اگر 10 منٹ تک چلتا رہے تو ایک گلاس پیٹرول ضائع ہو جاتا ہے۔
گیئرز بھی اہم ہیں
جس حد تک ممکن ہو آخری گیئر میں گاڑی چلائیں کیونکہ لوئر گیئرز میں رفتار بڑھانے سے ایندھن زیادہ خرچ ہوتا ہے۔
محفوظ طریقے سے ڈرائیونگ کریں
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ جارحانہ انداز سے ڈرائیونگ کرنے کے نتیجے میں ہائی وے پر پیٹرول مائلیج 33 فیصد جبکہ شہر کے اندر 5 فیصد گھٹ جاتا ہے۔