کہانی پہاڑوں کے دامن میں ایک سنسان ریلوے اسٹیشن کی

اسلام آباد کے مارگلہ ریلوے اسٹیشن کی تاریخ اور خوبصورتی پر خصوصی بلاگ

پاکستان میں بھی دنیا بھر کی طرح ریلوے کا وسیع و عریض نظام موجود ہے اور ملک بھر کے تمام بڑے و چھوٹے شہروں میں ریلوے اسٹیشنز بھی موجود ہیں جہاں سے روزانہ لاکھوں مسافر ملک بھر میں سفر کرتے ہیں۔ ریلوے کا یہ نظام اگرچہ زیادہ جدید نہیں ہے اور بیشتر ریلوے لائنز انگریزوں کی بچھائی ہوئی ہیں مگر پھر بھی ریل گاڑی ملک بھر کے لاکھوں مسافروں کی آمد و رفت کا ذریعہ ہے۔ کراچی، لاہور، فیصل آباد اور ملک کے دیگر ریلوے اسٹیشنز پر جہاں ہر وقت رش اور شور ہوتا ہے وہیں ملک کے اہم ترین شہر کا ریلوے اسٹیشن ویرانی و خاموشی کا محور بنا رہتا ہے۔ آپ میں سے اکثر لوگ شاید جانتے بھی نہ ہوں لیکن پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایک ریلوے اسٹیشن موجود ہے جو خوبصورت ضرور ہے مگر آباد بالکل بھی نہیں ہے۔ آج آپ کو اسلام آباد کے اس مارگلہ ریلوے اسٹیشن کی دلچسپ و عجیب تاریخ سے آشنا کراتے ہیں۔
اسلام آباد ریلوے اسٹیشن جسے پہلے مارگلہ ریلوے اسٹیشن کہا جاتا تھا، وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایچ نائن اور آئی نائن کے درمیان واقع ہے۔ اس اسٹیشن کا داخلی راستہ ایچ نائن کی جانب سے ہے۔ یہ ریلوے اسٹیشن 1979 میں قائم ہوا تھا تاہم یہاں سے کوئی ٹرین نہیں گزرتی تھی۔ راولپنڈی صدر اسٹیشن سے یہاں تک ایک شٹل سروس چلائی گئی لیکن خسارے کے باعث ایک سال کے اندر ہی اسے بند کرنا پڑا۔ آٹھ سال بندش کے بعد 1988 میں یہاں سے مال بردار ٹرینوں کا آغاز ہوا۔ مئی 2009 میں اس اسٹیشن کو دوبارہ کھولا گیا اور اسے مارگلہ ریلوے اسٹیشن کی بجائے اسلام آباد ریلوے اسٹیشن کا نام دیا گیا۔ یہ ریلوے اسٹیشن جتنا ویران ہے اتنا ہی خوبصورت بھی ہے۔ پہاڑوں کے دامن میں واقع دنیا کے دوسرے خوبصورت ترین دارالحکومت کا یہ چھوٹا سا ریلوے اسٹیشن پہلی بار دیکھنے والوں کو اپنی رونق سے نہ سہی مگر اپنی خوبصورتی سے اپنا گرویدہ ضرور کر لیتا ہے۔

No photo description available.

مارگلہ ریلوے اسٹیشن ایک وقت تک تو قبرستان کا منظر پیش کرتا رہا تاہم اب یہاں کچھ ہل چل ضرور ہوتی ہے مگر یہ کہیں سے بھی آپ کو مصروف اور معروف ریلوے اسٹیشنز جیسا نہیں دکھائی دے گا۔ اسلام آباد کے شہر اور شہریوں کے مزاج میں موجود سکوت کا اثر اس ریلوے اسٹیشن پر بھی آپ کو باآسانی نظر آئے گا۔ برق رفتار ٹرین گولی کی مانند آتی تو مانو ویرانے میں چپکے سے بہار آ جاتی ہے مگر ٹرین کے جاتے ہی وہی پرانی رات والا منظر دوبارہ نظر آنے لگتا ہے۔

Margala Railway Station Map - Railway station - Pakistan - Mapcarta

ریلوے اسٹیشن پر موجود ایک کمرے کے باہر لگی تختی پڑھو تو پتا چلتا ہے کہ اس کا افتتاح 1979 میں اس وقت کے وزیر ریلوے میجر جنرل جمال سید میاں کے ہاتھوں ہوا تھا۔ جس شٹل سروس کا ابتدائیے میں ذکر ہوا تھا وہ آئی نائن فیکٹری کے مزدوروں کو لانے لےجانے کیلئے استعمال ہوتی تھی مگر برق رفتار ٹرانسپورٹ کی موجودگی میں وہ محض محکمہ ریلوے کیلئے خسارہ ثابت ہوئی اور بند ہو گئی۔ بعد میں مال بردار گاڑیاں کبھی کبھی نظر آ جاتی تھی مگر آپ اسے ریلوے اسٹیشن نہیں کہہ سکتے تھے۔

Pakistan resumes limited train operations - Islamabad Scene

 

2009 میں رنگ روغن کے بعد پہلی بار یہاں باقاعدہ ٹرین سروس کا آغاز ہوا۔ اب یہاں پر گرین لائن نامی ٹرین آتی ہے اور سواریوں کو بٹھا لے جاتی ہے مگر یہاں سواریاں نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں۔ ریلوے والوں نے اسے باقاعدہ ریلوے اسٹیشن دکھانے کیلئے یہاں بکنگ آفس اور کچھ اسٹاف ضرور رکھا ہوا ہے مگر پھر بھی یہ کبھی مصروف ریلوے اسٹیشن نہیں بن سکا اور شاید کبھی آئندہ بن بھی نہ سکے۔ اسی ویرانی کی وجہ سے ملک کے دیگر ریلوے اسٹیشنز کے برعکس بہت ہم لوگوں کو اس اسٹیشن کا پتا ہے اور بہت سے اسلام آباد کے شہری بھی اس کے بارے میں نہیں جانتے۔ آپ کو اگر تنہائی میسر نہ ہو اور سکون کی تلاش میں ہوں تو آپ کو اسلام آباد ریلوے اسٹیشن کا رخ کرنا چاہیے۔ ویسے بھی اگر آپ سیاح ہیں اور اسلام آباد گھومنے آئے ہیں تو اسلام آباد ریلوے اسٹیشن آپ کیلئے ایک منفرد سیر گاہ کا کام کر سکتا ہے ۔

Margalla ke Daman se

مرکزی ڈیسک

ٹوئن سٹی نیوز پاکستان کے دو بڑے شہروں راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی سطح کا ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے،جو جڑواں شہروں کی مقامی خبروں کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی کلچر، خوبصورتی، ٹیلنٹ اور شخصیات کو سامنے لےکر آتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Open chat
رہنمائی حاصل کریں
السلام علیکم! ہم آپ کی کیسے مدد کر سکتے ہیں؟