راولپنڈی کی عدالت نے رواں ماہ 14مقدمات کے فیصلے سنا دیے
راولپنڈی (احسن رضا): ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی راجہ فیصل رشید نے رواں ماہ میں 14مقدمات کے فیصلے سنا دیئے عدالت نے یکم اپریل سے 29 اپریل تک کے مقدمہ میں نامزدملزم کو اقبال جرم پر قید و جرمانے کی سزا سنا دی ہے اور قتل کے مقدمہ میں نامزدخاتون سمیت 4ملزمان کے علاوہ منشیات کے الگ الگ مقدمات میں نامزد3ملزمان کوبھی عدم ثبوت کی بنا پر مقدمات سے بری کر دیا ہے جبکہ قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم سمیت منشیات کے الگ الگ مقدمات میں نامزد8ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ہے عدالت نے تھانہ پیرودھائی میں منشیات کے مقدمہ میں نامزد ولید سجاد کو اقبال جرم کرنے پر10ماہ قید اور 10ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے ملزم کے خلاف تھانہ پیرودھائی پولیس نے گزشتہ سال3جون کو انسداد منشیات ایکٹ کی دفعہ9-Cکے تحت مقدمہ درج کیا تھا ادھر عدالت نے تھانہ روات کے مقدمہ قتل میں نامزد عرفان ارشد ، عمران ارشد ، احمد ارشد اور ہما ارشد کو خاتون کے قتل میں عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا ہے جبکہ عدالت نے تھانہ سٹی ، پیرودھائی اور سول لائن میں انسداد منشیات ایکٹ کی دفعہ9-Cکے تحت درج الگ الگ مقدمات میں نامزد کامران ، زرنوش اور عاطف سعید کو شک کی بنا پر مقدمات سے بری کر دیا ہے جبکہ تھانہ سول لائن میں درج قتل کے مقدمہ میں نامزد محمد یوسف اور تھانہ ایئر پورٹ ،تھانہ سٹی ،تھانہ مورگاہ ، تھانہ بنی،تھانہ سول لائن ، تھانہ رتہ امرال اور تھانہ ویسٹریج میں درج منشیات کے مقدمات میں نامزد محمد کامران ، مسعود احمد ،زبیر علی ، محمد عباس، اویس اختر،محمد نذیر ،فیض احمداورعمر فاروق کو عدالتوں میں پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا ہے ۔