علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بین الاقوامی سٹوڈنٹس کے لئے مختلف تعلیمی پروگرامز آفر کردئیے
اسلام آباد (اسامہ قذافی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2023ء کے پہلے مرحلے کے داخلوں میں انٹرنیشنل طلبہ کے لئے میٹرک، ایف اے اور آئی کام کے علاوہ 6 ماہ کے میٹرک اوپن کورسزاور اتنی ہی مدت کے انٹرمیڈیٹ اوپن کورسزکے پروگرامز آفر کردئیے ہیں۔دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بغیر کہیں جائے اپنے گھر بیٹھے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے آن لائن اپنی تعلیمی استعداد میں اضافہ کرسکتے ہیں۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جو پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کررہی ہے، یونیورسٹی جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئےکار لاتے ہوئے سمسٹر خزاں 2021ء سے انٹرنیشنل طلبہ کے لئے 30سے زیادہ تعلیمی پروگرام پیش کررہی ہے۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی انٹرنیشنل طلبہ کے لئے تعلیمی پروگرامز آن لائن مینجمنٹ سسٹم کے تحت پیش کر رہی ہے۔
داخلے سے لیکر امتحانات تک تمام تعلیمی سرگرمیاں آن لائن ہوں گی۔آن لائن امتحانات کی مانیٹرنگ کے لئے ایم ایس ٹیمز یا اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ مانیٹرنگ ایپلی کیشن استعمال کی جاتی ہے،امتحانات کے دوران طلبہ کو کیمرہ کے سامنے بیٹھنا ہوتا ہے جس میں طلبہ کا چہرہ، ہاتھ اور پیپر امتحانی عملہ کو نظر آنا چاہیے۔بیرون ملک مقیم پاکستانی اور انٹرنیشنل طلبہ داخلہ فارم اور پراسپیکٹس (http://aiou.edu.pk/overseasdel.asp) لنک سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، مزید تفصیلا ت کے لئے انٹر نیشنل کولیبر یشن اینڈ ایکسچینج آفس سے ای میل [email protected] یا فون نمبرز 92519250175+ یا 92519572495 +پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔