پنجاب آرٹس کونسل میں ٹیلنٹ ہنٹ2021-22کی افتتاحی تقریب
پنجاب حکومت فنکاروں کی فلاح وبہبودکے لیے تمام وسائل بروکارلارہی ہے،صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو
راولپنڈی(اسپورٹس و کلچر ڈیسک)صوبائی وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترونے کہا ہے کہ پنجاب حکومت فنکاروں کی فلاح وبہبودکے لیے تمام وسائل بروکارلارہی ہے۔ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے نوجوانوں کوبھرپورپلیٹ فارم مہیا کریں گے۔ یہ بات انھوں نے پنجاب آرٹس کونسل میں ٹیلنٹ ہنٹ2021-22 کی افتتاحی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار وعثمان بزدار صوبے میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے کوشاں ہیں جبکہ فنکاروں کے لیے کلچرپولیسی جلدکابینہ سے منظورکروائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ فنکار دنیا میں ہماری پہچان ہیں۔ فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لیے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کا اجراء حکومتی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے۔ فنکاروں کے لیے میڈیکل، شادی گرانٹس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ نوجوانوں کے پاس فن کے اظہار کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ صوبائی وزیرخواندگی وغیررسمی تعلیم راجہ راشدحفیظ کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلوں سے پنجاب کا ٹیلنٹ ابھرکرسامنے آئے گا جوخوش آئندہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ہرشعبے کی ترقی کے لیے دن رات کام کررہے ہیں۔ معروف آرٹسٹ مسعودخواجہ نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنرراولپنڈی محمدعلی، ڈائر یکٹر آپریشنز پنجاب آرٹس کونسل ابرار عالم، ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد اور ناہید منظور بھی موجود تھیں۔ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ میں موسیقی،فائن آرٹس،تخلیقی ادب،دستکاری،ثقافتی رقص اور تھیٹر کے مقابلے ہوں گے۔ مقابلے ضلع، ڈویژون اور صوبائی سطح پر ہوں گے۔جس میں لاکھوں روپوں کے انعامات دیے جائیں گے۔