عالمی دنیا مقبوضہ جموں وکشمیر کے سیاسی قیدیوں کے خلاف بھارتی مظالم اور انصاف کی پامالیوں کا نوٹس لے:شہریارآفریدی
قائد اعظم یونیورسٹی کے پائیڈ انسٹی ٹیوٹ میں کشمیر یوتھ الائنس کے زیراہتمام اسیران کشمیر سیمینار میں مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر کی بھی شرکت
اسلام آباد۔عالمی دنیا مقبوضہ جموں وکشمیر کے سیاسی قیدیوں کے خلاف بھارتی مظالم اور انصاف کی پامالیوں کا نوٹس لے۔بھارتی قیدی ونگ کمانڈر ابھی نندن کیلئے جنیوا کنونشن ہے تو کشمیری قیدیوں کیلئے جنیوا کنونشن کیوں نہیں ہے۔اقوام متحدہ کے بننے کا مقصد مظلوم اقوام
کو انصاف مہیا کرنا ہے مگر یو این کشمیریوں کو انصاف مہیا کرنے میں ناکام رہی ہے،ان خیالات کا اظہارپارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریارخان آفریدی،پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر،وائس چانسلر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس ندیم الحق،29 سال سے قید حریت رہنما ڈاکٹر قاسم فکتو کے بیٹے احمد بن قاسم،صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر مجاہد گیلانی،پروفیسر خرم الہی ودیگر نے کشمیریو تھ الائنس اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے اشتراک سے جمعرات کو مقامی ہال میں اسیران کشمیر سیمینار کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر کے سیاسی قیدیوں کے خلاف خطرناک جرائم کا ارتکاب کررہی ہے،ڈاکٹر قاسم فکتو،آسیہ اندرابی،مسرت عالم،ناہیدہ نسرین،یاسین ملک،فہمیدہ صوفی اور سید شبیر احمد شاہ کو جیل میں بنیادی انسانی حقوق بھی میسر نہیں،نوجوان،طلباء وطالبات مقبوضہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کے بارے میں عالمی دنیا میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے جدید ٹولز کااستعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مظلوم اقوام کو انصاف مہیا کرنے کیلئے بنائی گی جس میں وہ ناکام رہی ہے،05اگست کے ہندوستانی اقدامات کے بعد عالمی خاموشی نے عالمی برادری کے دوہرے معیار کو پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔بھارتی افواج مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے،لیکن افسوس دنیا انسانیت کے خلاف بھارتی جنگی جرائم پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد کے تحت نوجوانوں کو گمراہ کرنے کیلئے فلمیں بنا کر تاریخ اور حقائق کو مسخ کر کے پیش کررہا ہے،پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کشمیری ثقافت کے تحفظ اور فروغ کیلئے کام کرہی ہے،کشمیر پریمئر لیگ کے کامیاب انعقاد نے دنیا میں ثابت کردیاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ظلم وجبر کا راج ہے جبکہ آزاد کشمیر کشمیر کا ترقی پزیر اور پروان چڑھتا حصہ ہے،انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا،بلاگز اور سٹوری ٹیلنگ کے ذریعے بھارتی چہرہ بے نقاب کریں اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی آواز بنیں۔بھارتی جیل میں طویل ترین عرصے سے قید ڈاکٹر قاسم فکتو کے بیٹے احمد بن قاسم نے بھارتی جیل میں قید مقبوضہ جموں وکشمیر کے قیدیوں کی کہانیاں سنائیں اور بتایا کہ ہندوستان کشمیری قیدیوں کے نام مٹا رہا ہے۔صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے مقبوضہ جموں کشمیر کے ابتر حالات شرکاء کے سامنے رکھے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما انجینئر خرم دستگیر نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قیدیوں کی بدترین بھارتی تشدد کا سامنا ہے لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی،ڈاکٹر قاسم فکتو کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،ہر کشمیری کے دل میں آزادی کی شمع روشن ہے جسے بھارتی تشدد،ظلم وزیادتی ختم نہیں کرسکا۔