ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم آزادی کی پروقار پرچم کشائی تقریب

سفیر احمد فاروق کا شہداء اور افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع سفارت خانہ پاکستان میں 78ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق (تمغہ امتیاز) نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ سبز ہلالی پرچم کو فضا میں بلند کیا۔

تقریب میں پاکستانی سفارت خانے کے سفارتی افسران، تینوں مسلح افواج کے افسران، اور پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیرخارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی گئی اور اتحاد، یکجہتی اور ملکی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

سفیر پاکستان احمد فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک خودمختار اور آزاد ملک کے طور پر دنیا میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے "معرکہ حق” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ملکی سالمیت کو یقینی بنایا۔ سفیر نے تمام شہداء، خصوصاً معرکہ حق میں جان قربان کرنے والے بچوں سمیت بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

May be an image of 3 people, dais and text

تقریب کے دوران پاکستانی کمیونٹی کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ سبز ہلالی پرچم کی شان میں نعرے لگائے گئے اور شرکاء نے وطن سے اپنی محبت اور وابستگی کا بھرپور اظہار کیا۔ تینوں مسلح افواج کے افسران کی موجودگی نے تقریب کے وقار میں مزید اضافہ کر دیا۔

تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس موقع کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک رہتے ہوئے بھی پاکستان سے محبت اور اس کے ساتھ تعلق ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتا ہے

Kamran Ashraf

کامران اشرف ڈیجیٹل صحافی ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم ہے اور پاک سعودی تعلقات سمیت امور خارجہ کی رپورٹننگ کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button