الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کے لیےگورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو 14 فروری کو میٹنگ کے لیے مراسلہ جاری کر دیا
اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں لاہور ہائی کورٹ کے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے فیصلے پر عملدرآمد پر غورکیا گیا
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق الیکشن کمیشن نےگورنر پنجاب سے مشاورت کے لیے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت کر دی ہے، سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں اسپیشل سیکرٹری اور ڈی جی لاء انتخابات سے متعلق گورنر پنجاب سے مشاورت کریں گے
اعلامیےکے مطابق اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ڈائریکٹر جنرل لاء مشاورت کرکے الیکشن کمیشن کو بریف کریں گے۔
خیال رہےکہ 10 فروری کو سنائےگئے اپنے فیصلے میں لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنےکا حکم دیا تھا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی کیلئے فوری الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے، الیکشن کمیشن گورنر سے مشاورت کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرے، یقینی بنایا جائےکہ آئین میں دی گئی 90 دن کی مدت سےتجاوز نہ ہو۔