چینی، امریکی اور سعودی اعلی حکام کا پشاور دھماکے پر پاکستانی عوام کیلئے خصوصی پیغام

عوام کے تحفظ کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے: چینی صدر، وزیر اعظم

اسلام آباد (اسامہ قذافی) چینی صدر اور وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام لکھے خط میں کہا ہے کہ عوام کے تحفظ کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ اپنے پیغام نے دونوں سربراہوں نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق چینی صدر نے کہا سماجی استحکام اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے مزید کہا پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے تیار ہیں، چینی وزیراعظم کی جانب سے بھی پشاور حملے میں جانی نقصان پر تعزیتی پیغام دیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے یکجہتی کے اظہار پر دونوں کا شکریہ ادا کیا

اسی طرح امریکی وزیر خارجہ نے پشاور دھماکے پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

 

وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ پشاور میں پیر 30 جنوری کو پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں پولیس افسران و اہلکاروں سمیت 100 سے زائد افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے، واقعے کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی خراسانی گروپ نے قبول کی تھی۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ایک بیان میں پشاور میں ہونیوالے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم دہشت گردی کی اس کارروائی کے نتیجے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے خاندانوں سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس المیے کو یہ بات مزید گھمبیر بناتی ہے کہ متاثرین میں سے زیادہ تر سیکیورٹی اہلکار تھے جنہوں نے خود کو شہریوں کی حفاظت اور خدمت کیلئے وقف کر رکھا تھا۔

بلنکن کا کہنا ہے کہ شہریوں کیخلاف ہر قسم کے تشدد پر امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، ہم پاکستانی حکومت کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب کے بادشاہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی قیادت نے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو تعزیتی خط ارسال کیا، جس میں شاہ سلمان نے لکھا کہ پشاور میں ہونے والا دھماکہ دہشت گردی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ہر قسم کی انتہا پسندی کو مسترد کرتے ہیں، مسجد میں ہونے والے دھماکے میں متعدد بے گناہ افراد جاں بحق ہوئے، ہم جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے اور زخمیوں کے لیے جلد شفایابی کی دعا کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خط میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، سعودی عرب ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتا ہے، پشاور دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس ہوا، ہم جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

مرکزی ڈیسک

ٹوئن سٹی نیوز پاکستان کے دو بڑے شہروں راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی سطح کا ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے،جو جڑواں شہروں کی مقامی خبروں کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی کلچر، خوبصورتی، ٹیلنٹ اور شخصیات کو سامنے لےکر آتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Open chat
رہنمائی حاصل کریں
السلام علیکم! ہم آپ کی کیسے مدد کر سکتے ہیں؟