ریاض میں پاکستانی صحافیوں اور کاروباری افراد نے کیک کاٹا اور نیک خواہشات کا اظہار
تقریب میں محمد افتخار بطور مہمانِ خصوصی اور ملک اشتیاق ہیرا نے خصوصی شرکت کی۔
ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستانی صحافیوں کی تنظیم اور کاروباری افراد نے نئے سال کی آمد کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا جس میں کیک کاٹا گیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
پاک میڈیا فورم کی جانب سے ریڈ ایپل ریسٹورنٹ میں منعقدہ اس تقریب میں پاک میڈیا فورم کے صدر ذکاءاللہ محسن، چیئرمین محمد الیاس، جنرل سیکریٹری رانا عظیم، اجمل منہاس، کامران حسانی اور حسیب گوندل نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ تقریب میں محمد افتخار بطور مہمانِ خصوصی اور ملک اشتیاق ہیرا نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد افتخار نے پاکستانی کمیونٹی کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فیک نیوز کے تدارک میں پاک میڈیا فورم کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا کا کردار معاشرتی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچانا ہے۔
پاک میڈیا فورم کے رہنماؤں نے اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے لیے مزید بہتری اور ترقی کی دعا کی اور اس بات پر زور دیا کہ صحافت اور کاروبار کے شعبے میں آپسی تعاون سے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔