اسلام آباد کے 16ڈگری کالجز ہائی امپیکٹ آئی ٹی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ بن گئے
وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے 16 ڈگری کالجوں کو ہائی امپیکٹ آئی ٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بنا دیا۔

وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، نیوٹیک اور پاکستان کی نمایاں یونیورسٹیز نسٹ، نیومل، جی آئی کے، فاسٹ اور کامسیٹیس کے اشتراک سے آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا سائنس اور بلاک چین جیسے جدید شعبوں میں تین سے چھ ماہ کے کورسز شروع کیے گئے ہیں، جن کا مقصد طلباء کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
سیکریٹری وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین احمد وانی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ دنیا تیزی سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جانب بڑھ رہی ہے اور پاکستان کے تعلیمی اداروں کو بھی اس تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ملک کی بہترین یونیورسٹیاں جدید کورسز فراہم کریں گی تاکہ طلباء کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تربیت دی جا سکے۔ گریجویشن مکمل کرنے والے طلباء کے ساتھ ساتھ بی ایس کے ساتویں سمسٹر میں زیر تعلیم طلباء بھی ان کورسز میں داخلہ لے سکتے ہیں۔
محی الدین احمد وانی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کورسز طلباء کے لیے ملازمت کے نئے مواقع پیدا کریں گے اور انہیں مقامی و بین الاقوامی آئی ٹی انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے میں مدد ملے گی۔ ریاضی، کمپیوٹر سائنس اور شماریات میں بی ایس کرنے والے طلباء کو ان کورسز سے خاص فائدہ ہوگا کیونکہ یہ جدید تکنیکی مہارتوں کے حامل افراد کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں۔
سیکریٹری کے مطابق اسلام آباد کے جی سکس سے ایف الیون تک تمام سیکٹرز کے کالجوں میں یہ کورسز شروع کر دیے گئے ہیں۔ ان کورسز میں داخلے کے خواہشمند طلبہ و طالبات کو جلد از جلد آن لائن اپلائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ وقت کے ساتھ ساتھ ان شعبوں میں مہارت حاصل کرنا نہایت ضروری ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے تعلیمی نظام میں ایک بڑی پیش رفت ثابت ہوگا اور آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرے گا۔https://twincitynews.pk/ijt-islamabad-nazim-intikhab-aur-mansoobay/