عمران خان کی عدالت پیشی کا معاملہ، خصوصی انتظامات کرنے کی سفارش
سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ورکرز کو منتشر کرنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں: اسپیشل برانچ نے رپورٹ جمع کروا دی
اسلام آباد ( ٹوئن سٹی نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی عدالت میں پیشی کے معاملہ پر اسپیشل برانچ نے رپورٹ جمع کروا دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے حوالے سے رپورٹ جمع کروائی گئی ہے، اس سلسلے میں اسلام آباد اسپیشل برانچ نے پولیس حکام اور ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ جمع کروائی، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت میں پیشی سے قبل سکیورٹی انتظامات سخت کئے جائیں کیوں کہ چیئرمین تحریک انصاف کی پیشی پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے آنے کا خدشہ ہے، اس لیے سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ورکرز کو منتشر کرنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
بتایا جارہا ہے کہ عمران خان کی سائفر کیس میں عدالت پیشی کیلئے خصوصی اجلاس طلب کرلیا گیا جس میں سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو خصوصی میں سائفر کیس کی سماعت کے لیے منگل 28 نومبر کو جوڈیشل کمپلیکس لایا جائے گا، اس حوالے سے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کا اجلاس پیر کو ہوگا
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے جوڈیشل کمپلیکس تک لے جانے کے لیے ترجیحی انتخاب پشاور روڈ ہوگا، عمران خان کی پیشی کے باعث سکیورٹی وجوہات پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون کو جزوی طور پر سیل کیے جانے اور فیض آباد، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے پر دستوں کی تعیناتی کا امکان ہے، اس دوران جوڈیشل کمپلیکس کو پولیس اور نیم فوجی دستے گھیرے میں لیں گے اور جوڈیشل کمپلیکس کی طرف جانے والے پوائنٹس اور سڑکوں کو سیل کیے جانے کا امکان ہے