پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے اتحاد اور دفاع میں بھی ایک تاریخی سنگ میل ہے ، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

لاہور: ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی جانب سے پاک–سعودیہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے حالیہ دفاعی معاہدے کو سراہا گیا۔
پریس کانفرنس میں ناظم ذیلی تنظیمات مرکزیہ پاکستان ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا:
"پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ دفاعی معاہدہ نہ صرف دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور دفاع میں بھی ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے اسلامی بھائیوں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کریں اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کریں۔”
اس موقع پر دیگر قائدین میں عثمان ظہیر (سیکرٹری جنرل جمعیت اہلحدیث پاکستان)، عبدالصمد معاذ (ناظم رابطہ دینیہ مرکزیہ پاکستان)، حافظ عبدالغفار مکی (قائم مقام صدر اہلحدیث یوتھ فورس پنجاب)، ڈاکٹر ابراہیم سلفی (ناظم مرکزیہ ضلع لاہور) اور قاری ممتاز حسین (ناظم مرکزیہ سٹی لاہور) بھی موجود تھے۔
مقررین نے اس دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں مضبوطی اور امت مسلمہ کے اتحاد و دفاع کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ عوام و حکومت کو اس معاہدے کو تاریخی کامیابی کے طور پر دیکھنا چاہیے۔