شہری کی خودکشی کے بعد جعلی لون ایپ کے خلاف ایف آئی اے کا کڑا ایکشن
اسلام آباد: (اسامہ قذافی، نمائندہ ٹوئن سٹی نیوز) راولپنڈی میں قرض دینے والی ایپ کی بلیک میلنگ سے تنگ آ کر محمد مسعود نامی شخص کی خودکشی کے واقعے کے بعد ملوث کمپنی اور افراد کے خلاف ایف آئی اے نے سخت ایکشن لینا شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آن لائن لون ایپس جو کہ تھوڑے سے قرضے پر بھاری سود لگا کر شہریوں کو بلیک میل کرتی ہیں، ان کے خلاف فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی ایف آئی اے نے سخت ایکشن لینا شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں واقع کمپنی جے دو دفاتر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے ان کے موبائل اور لیپ ٹاپ ڈیٹا سمیت ضبط کر لیے گئے جبکہ آفسز کو بھی فی الفور بند کر دیا گیا۔ ایف آئی اے نے پی ٹی اے سے رابطے کے بعد ایسی کمپنیوں کی ایک لسٹ مرتب کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جن کو بعد میں مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر کسی کو ایسا کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ فوراً ایف آئی اے کو اطلاع دیں