ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلباء پاکستان شکیل احمد کی اسلام آباد میں پریس کا نفرنس

حکومت "اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری سٹوڈنٹس یونین بل، 2023ء ” کو ترجیحی بنیادوں پر پاس کرے، طلباء نے مطالبہ کردیا۔
دوسرے صوبے نظرانداز، پنجاب میں 25 جامعات کی منظوری سے لگتا ہے کہ وفاقی حکومت پاکستان کی نہیں صرف پنجاب کی ہے، شکیل احمد
پاک چین گوادر یونیورسٹی کی لاہور میں تعمیر مضحکہ خیر اور بلا جواز ہے، حکومت کی ترجیح تعلیم نہیں صرف تختیاں لگانا ہے، ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد ( ) اسلامی جمعیت طلباء نےسینیٹ کے ایجنڈے پر موجود بل "اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری سٹوڈنٹس یونین بل، 2023 ” کو ترجیحی بنیادوں پر پاس کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اسلام آباد میں طلباء نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلباء کے ناظمِ اعلیٰ شکیل احمد نے کہا کہ ہر ادارے کی طرح یونین بنانا پورے ملک کے طلباء کا بنیادی آئینی حق ہے، آمرانہ سوچ کے تحت تین دہائیوں سے طلباء کو اپنے اس بنیادی حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں مجوزہ بل بھی صرف اسلام آباد تک محدود ہے تاہم اس بل کا اطلاق پورے ملک کی تعلیمی اداروں پر کیا جانا چاہئے۔ پنجاب میں 25 نئی جامعات کی منظوری پر تبصرہ کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلباء کے ناظمِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت دوسرے صوبوں کو ایسے نظرانداز کر رہی ہے جیسے وہ اس ملک کا حصہ ہی نہ ہوں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ صرف ایک صوبہ نہیں بلکہ پورا ملک اور سب شہری اُن کی ذمہ داری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں میں احساسِ محرومی کی قیمت ہم 1971ء میں مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی صورت میں بھگت چکے ہیں، حالات کو دوبارہ اس نہج پر نہ پہنچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر بڑا منصوبہ اور ساری سرمایہ کاری پنجاب میں کی جاتی ہے جبکہ دیگر صوبوں کے لوگ آج بھی پینے کے پانی، علاج اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین گوادر یونیورسٹی کی لاہور میں تعمیر سے زیادہ بھونڈا مذاق نہیں ہوسکتا، کیا گوادر کے پاکستان کے شہری نہیں یا گوادر کسی اور ملک کا حصہ ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے زیادہ بلوچستان اور سندھ کو اعلیٰ تعلیمی اداروں کی زیادہ ضرورت ہے لیکن حکومت کے پیش نظر بلوچستان، فاٹا اور دیگر صوبوں میں ایک بھی یونیورسٹی کا منصوبہ نہیں ہے۔ پنجاب میں تعلیمی ادارے ضرور بنائیں لیکن دوسرے صوبوں کی حق تلفی نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے موجود تعلیمی ادارے بجٹ کی کمی شکار اور خستہ حالی کا نمونہ ہیں جبکہ حکومت نئی یونیورسٹیاں قائم کرنے پر تلی ہوئی ہے، یہ محض کرپشن اور لوٹ مار کی کوشش ہی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے دلخراش واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے سے موجود تعلیمی اداروں کے انتظام میں ناکام ہے اور ان تعلیمی اداروں کی بہتری کے بجائے آئے روز نئی تختیاں لگانے کا شوق پورا کررہی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کا آڈٹ کرتے ہوئے غیر اخلاقی سرگرمیوں اور منشیات فروشی وغیرہ میں ملوث انتظامی افسران اور اسٹاف کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلباء یونین کی موجودگی میں کسی شخص کو طالبات کو بلیک میل کرنے یا تعلیمی اداروں میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کی جرات نہیں تھی، لیکن وڈیرہ شاہی اور آمرانہ سوچ نے اپنے سفلی جذبات کی تسکین کے لیے تعلیمی اداروں پر سے یہ چیک اینڈ بیلنس ختم کروا دیا اور اب جامعات کی اخلاقی خرابیوں اور مالی بدانتظامی کی صورتِ حال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء یونین کی نرسری میں سلجھے ہوئے سیاست دان تیار ہوکر کے ملک و ملت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے تھے لیکن جب سے پابندی لگائی گئی ہے نااہل اور نکمے سیاست دان اوربددیانت انتظامی افسران ملک کو لوٹ کھسوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے تعلیمی بجٹ میں کمی اور یونیورسٹیز میں اساتذہ کی خالی اسامیوں کو جلد پر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک جیسے بڑے منصوبے میں صنعتوں اور شاہراہوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سابقہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان جیسے پسماندہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کا جال بچھانے کو بھی شامل کیا جانا چاہئے، صنعتوں کے قیام کے بعد اگر ہم تعلیم یافتہ اور ہنر مند لیبر فورس کے لیے دوسرے ممالک کے مرہونِ منت رہیں گے تو ہم اس منصوبے سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر بھی ملکی ترقی میں اسی وقت کردار ادا کرسکتا ہے جب ملک کے نوجوانوں کو تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنایا جائے۔

مرکزی ڈیسک

ٹوئن سٹی نیوز پاکستان کے دو بڑے شہروں راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی سطح کا ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے،جو جڑواں شہروں کی مقامی خبروں کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی کلچر، خوبصورتی، ٹیلنٹ اور شخصیات کو سامنے لےکر آتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Open chat
رہنمائی حاصل کریں
السلام علیکم! ہم آپ کی کیسے مدد کر سکتے ہیں؟