چھبیس ستمبر تک پلاٹوں کی قرعہ اندازی نہ کی گئی تو مزدور یونین احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔

اسلام آباد( ٹوئن سٹی نیوز )سی ڈ ی اے انتظامیہ سپریم کورٹ اور
ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ملازمین کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی نہیں کر رہی جس کی وجہ سے ملازمین میں سخت بے چینی پائی جارہی ہے،سی ڈی اے مزدور یونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور پلاٹوں کے معاملے پر انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن 26ستمبر تک اگر ملازمین کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی نہ کی گئی تو سی ڈی اے مزدور یونین ڈائریکٹوریٹ سطح پر احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی،ان خیالات کا اظہار سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین آفس کے باہرمنعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سی ڈ ی اے کی تمام ڈائریکٹوریٹس کے ہزاروں ملازمین نے بھرپور شرکت کی،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ اسلام آباد جو بین الاقوامی سطح کا خوبصورت شہر ہے اس کوسی ڈی اے کے ملازمین نے اپنے خون اور پسینے سے تعمیر کیا ہے لیکن بدقسمتی سے ان ملازمین کو جو ان کا بنیادی حق ہے عدالتوں کے فیصلوں کے باوجود اس سے محروم کیا جا رہا ہے،سی ڈی اے مزدور یونین ادارے کی نمائندہ تنظیم ہے جو پانچویں دفعہ منتخب ہو کر آئی ہے اور ہم نے اپنے دور میں سی ڈی اے ملازمین کو بے شمارمراعات دلوائیں ہیں،2006میں سی ڈی اے ملازمین کو ہزاروں پلاٹ الاٹ کروائے اور مزید 4000پلاٹوں کی منظوری کروائی اور 30اپریل 2011کو پلاٹوں کی قرعہ اندازی کی تاریخ مقررکروائی لیکن ہمارے مخالفین نے عدالتوں سے حکم امتناعی لے لیا اورآج ایک دفعہ پھرچودہ سال بعد مزدوروں کے حق میں پلاٹوں کا فیصلہ آیا ہے لیکن سی ڈی اے انتظامیہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجودسی ڈی اے ملازمین کوپلاٹ الاٹ کرنے سے قاصر ہے اور عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس پر ادارے کے ہزاروں ملازمین احتجاج کرنے پر مجبورہیں،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ سی ڈی اے ملازمین ادارے کی ترقی اور اسلام آباد کی تعمیر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، مگر ان کے حقوق کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں جس پر ہم چیئرمین سی ڈی اے،بورڈ ممبران اور سی ڈی اے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عدالتوں کے احکامات کی روشنی اور مزدور یونین کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت سی ڈی اے ملازمین کو جلد پلاٹ الاٹ کیے جائیں اور ملازمین کے دیگر مطالبات کو فوری طور پر حل کیا جائے،اس موقع پر احتجاجی جلسے میں شریک ملازمین نے پلاٹوں کے حصول کے لیے نعرے بازی کی اوراپنے قائد چوہدری محمد یٰسین کو یقین دلا یا کہ وہ پلاٹوں کے حصول کے لیے جو بھی لائحہ عمل کااعلان کریں گے تمام ملازمین ان کے شانہ بشانہ ہونگے،احتجاجی جلسے سے مزدور یونین کے صدراورنگزیب خان،راجہ شاکر زمان کیانی،حاجی صابر،مرزاسعیداختر،ملک عاصم،اظہارعباسی،اظہر خان تنولی،چوہدری زاہد احمد،وارث دلیپ،زاہد بھٹی،ساجد رشید،قاری شیر عالم سیالوی،چوہدری واجد گجر و دیگرنے بھی خطاب کیا۔