اسلام آباد کے دکانداروں کا مغرب کے وقت دکانیں بند کرنے کی تجویز پر ملا جلا ردعمل
اسلام آباد: مغرب کے وقت دکانیں بند کرنے کی تجویز پر وفاقی دارالحکومت کے دکانداروں میں ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تجارتی مراکز، بازار اور مارکیٹیں 11 بجے کے بعد کھلتے ہیں، کاروبار کا آغاز 11 بجے کے بعد ہوتا ہے جس وجہ سے دکانیں رات 11 بجے تک کھلی رکھنا پڑتی ہیں۔
دکانداروں نے کہا کہ دکانیں مغرب کے وقت بند کرنے سے دکانداروں کو نقصان ہوگا اسی لیے مغرب کے وقت دکانیں بند کرنے کی تجویز ٹھیک نہیں۔
اس کے برعکس کچھ دکاندار مغرب کے وقت دکانیں بند کرنے کےحق میں نظر آتے ہیں اور انہوں نے تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دن 11 ،12 بجے دکانیں کھولنے کا کلچر ختم ہونا چاہیے، جلدی دکانیں کھلیں گی اور بند ہوں گی تو کسٹمر کا بھی ذہن بنے گا اور اس سے ہمیں بھی فائدہ ہوگا۔
دکانداروں کا کہنا تھاکہ مغرب کے وقت دکانیں بند کرنے کا اقدام بہت اچھا ہوگا، ہم اس اقدام کو خوشی سے فالو کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے ملک میں بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے دکانیں مغرب کے وقت بند کرنے کی تجویز دی ہے جس سے بجلی کی 1500 میگاواٹ تک بچت کی جاسکتی ہے۔