نادرا میں فوری طور پر قائمقام چیئرمین تعینات کرنے کا فیصلہ
قانون کے مطابق 60 روز کے اندر نیا چیئرمین تعینات کرنا ہوتا ہے۔نئے چیئرمین نادرا کی تعیناتی بذریعہ اشتہار ہوگی۔ دوسری جانب چیئرمین نادرا کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ نے نئے ناموں پر غور شروع کر دیا۔ نئے چیئرمین نادرا کیلئے عثمان مبین کا نام زیر غور ہے،عثمان مبین پہلے بھی نادرا کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔
ڈی جی نادرا اسلام آباد ذوالفقار احمد اور میر عالم کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی نادرا بلوچستان میر عالم چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کے بھائی ہیں،نئے چیئرمین کی تعیناتی آئندہ چند روز تک متوقع ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز طارق ملک بطور چیئرمین نادرا مستعفی ہو گئے تھے،طارق ملک نے چیئرمین نادرا کے عہدے سے استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں دیا تھا،وزیراعظم نے چیئرمین نادرا طارق ملک کا استعفیٰ منظور کیا،جبکہ استعفٰی کے بعد طارق ملک کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تھا۔
ایف آئی اے نے طارق ملک کے بیرون ملک جانے پر عارضی پابندی عائد کی،طارق ملک کے خلاف نیب اور ایف آئی اے میں تحقیقات جاری ہیں۔ طارق ملک کے خلاف 5 معاملات میں تحقیقات جاری ہیں،ایف آئی اے اور نیب مختلف کیسز میں تحقیقات کر رہی ہے۔