رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں نیکیاں سمیٹنے کیلئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا گرینڈ سحری پروگرام شروع
اسلام آباد (ٹوئن سٹی نیوز ) : مہنگائی میں پسی عوام کو ریلیف دینے اور رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں نیکیاں سمیٹنے کیلئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا گرینڈ سحری پروگرام شروع،مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے روزانہ ایک لاکھ افراد کیلئے سحری پہنچانے کا سلسلہ جاری۔ایک لاکھ افراد تک روزانہ سحری پہنچانے کیلئے اسلام آباد کے سات مقامات پراوپن گرینڈ سحری کچن سے سینکڑوں کارکنان اسلام آباد بھر میں گھر گھر سحری پہنچانے کیلئے متحرک۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ خدمت انسانیت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،کردار اور عمل سے بتائیں گے کہ اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق سیاست کیسے کی جاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ضلعی صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد چوہدری شفق الرحمان وڑائچ نے آئی ایٹ مرکز میں گرینڈ سحری کچن کے دورے کے موقع پر میڈیا کو سحری پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیا، اس موقع پر میڈیا کوآرڈنیٹر مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد نوید احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔آئی ایٹ مرکز کے سحری کچن کے دورے کے موقع پر سحری پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے چوہدری شفیق الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد بھر میں ایک لاکھ افراد تک سحری پہنچانے کیلئے آئی ایٹ مرکز،پی ڈبلیو ڈی نزد لندن بیکرز،دعاچوک غوری ٹاؤن،فلاور مارکیٹ ایف سیون،جی الیون ون اور مارگلہ روڈ ای الیون میں سات مقامات پر اوپن گرینڈ کچن بنائے گئے ہیں،ان سات مقامات پر سحری تیار ہونے کے بعد قریبی علاقوں سے کارکنان کی ٹیمیں کچن سے سحری لے کرسروے کے مطابق اپنے علاقوں میں سفید پوش لوگوں تک گھر کی دہلیز پر پہنچاتے ہیں۔موجودہ مہنگائی نے نا صرف غریب لوگوں کیلئے زندگی مشکل بنا دی ہے بلکہ مڈل کلاس طبقہ بھی گھر کا کچن چلانے کیلئے پریشان ہے،بے روزگاری اور مہنگائی نے ہر پاکستانی کو متاثر کیا ہے ایسی صورتحال میں مرکزی مسلم لیگ مشکل وقت میں عملی طور پرکردار ادا کرنے کیلئے کوشاں ہے،پورے ملک میں سحری پروگرام یکم رمضان سے شروع ہے جو پورا مہینہ جاری رہے گا۔