اُڑان پاکستان کانفرنس 2025 کا آغاز

کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی شرکت

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے ’’اُڑان پاکستان تخلیقی صنعت اور ثقافتی معیشت کانفرنس‘‘ کے افتتاحی سیشن میں کلیدی خطاب کیا اور قومی سطح کے اہم مکالمے کی قیادت کی۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی اس عظیم الشان تقریب میں میڈیا، تفریحی صنعت، کاروباری شخصیات، پالیسی سازوں اور ثقافتی رہنماؤں نے شرکت کی، جس کا مقصد پاکستان کی تخلیقی و ثقافتی طاقت کو معاشی ترقی کے محور کے طور پر اُجاگر کرنا تھا۔

افتتاحی خطاب میں مہمانِ خصوصی پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے تخلیقی معیشت کے فروغ کے لیے حکومت کی سنجیدہ کاوشوں کو اُجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی فلم، ٹی وی، فیشن، موسیقی، ڈیزائن اور ڈیجیٹل میڈیا سمیت تخلیقی صنعتیں قومی شناخت کو ترقی دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے تخلیقی شعبوں کو ملازمتوں کی فراہمی، جدت طرازی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تاثر کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں معروف فنکاروں پر مشتمل ایک فائر سائیڈ پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی جس میں اداکار احسن خان، عدنان صدیقی، صباء حمید، پروڈیوسر عبداللہ سیجا، موسیقار و گلوکار اذان سمیع خان، معروف ڈیزائنر رضوان بیگ، فیشن صحافی ملیحہ رحمان، ڈیجیٹل انفلوئنسر فیصل کپاڈیا، ثقافتی رہنما مہتاب راشدی اور ادبی اسکالر ڈاکٹر عارفہ سہیل ظہرا نے شرکت کی۔
پروفیسر احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا:
"تخلیقی صنعت اور ثقافتی معیشت صرف تفریح کے ذرائع نہیں بلکہ طاقت، شناخت اور معیشت کے تزویراتی وسائل ہیں۔ یہ طے کرتے ہیں کہ دنیا ہمیں کیسے دیکھتی ہے اور ہم خود کو کیسے دیکھتے ہیں۔ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری ہماری کامیاب ترین ثقافتی برآمدات میں سے ایک ہے، اور حکومت اسے ایک اہم معاشی و ثقافتی شعبے کے طور پر فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ ’اُڑان پاکستان‘ کے تحت ہم نے تخلیقی اور ثقافتی صنعتوں کو برآمدات کے فروغ کے لیے اولین ترجیح دی ہے۔ یہ صرف تفریح نہیں، پاکستان کی کہانی ہے، آئیے اسے مل کر لکھتے ہیں۔”
کانفرنس کے باقاعدہ آغاز سے قبل وفاقی وزیر نے کراچی میں ایف جی پبلک اسکول کا دورہ کیا، جہاں نوجوانوں سے ملاقات و مکالمہ کیا گیا۔ بعدازاں فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم راؤنڈ ٹیبل ڈسکشن بھی منعقد ہوا، جس کے بعد وزیرِ منصوبہ بندی نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کی۔
’’اُڑان پاکستان کانفرنس‘‘ کا مقصد پاکستان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا، پالیسی فریم ورک، ڈیجیٹل تبدیلی، تخلیقی کاروبار، اور علاقائی شمولیت کے موضوعات پر اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔
پروفیسر احسن اقبال چوہدری کی موجودگی نے اس بات کی بھرپور توثیق کی کہ حکومت فنونِ لطیفہ، ثقافت اور تخلیقی شعبوں کو قومی ترقی کے تزویراتی اثاثے سمجھتی ہے۔ اُن کی قیادت میں ’’میک اِن پاکستان وژن‘‘ کے تحت ایک نئی بیانیہ تشکیل پا رہا ہے جو پاکستان کے سماجی و معاشی مستقبل میں تخلیق کو مرکز بناتا ہے۔

’’اُڑان پاکستان‘‘ کے تحت تخلیقی صنعتوں کے مختلف شعبوں جیسے موسیقی، ادب، تعلیم، ڈیجیٹل میڈیا، اثر انگیزی، ثقافت و ورثہ، ڈیزائن، فن و دستکاری اور فیشن کے حوالے سے سیریز راؤنڈ ٹیبلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ ایک مؤثر اور قابلِ عمل اسٹریٹجک گروتھ پلان تشکیل دیا جا سکے۔

مرکزی ڈیسک

ٹوئن سٹی نیوز پاکستان کے دو بڑے شہروں راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی سطح کا ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے،جو جڑواں شہروں کی مقامی خبروں کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی کلچر، خوبصورتی، ٹیلنٹ اور شخصیات کو سامنے لےکر آتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button