عمران خان کیسے نا اہل ہوسکتے ہیں؟ شاہد خاقان عباسی نے بتا دیا
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے جس طرح نوازشریف کو نا اہل کیا اگر وہی فارمولا ہے تو پھر چیئرمین پی ٹی آئی نا اہل ہو جائیں گے۔
سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے سینیئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی نا اہلی کا کہنا قبل از وقت ہو گا لیکن جس طرح نواز شریف کو نا اہل کیا اگر وہی فارمولا ہے تو پھر ان کی بھی نا اہلی ہو جائے گی تاہم سیاسی لیڈر کا فیصلہ عوام ہی کرتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مستقبل میں مجھے کمزور مخلوط حکومت بنتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ایسی حکومت جمہوریت کیلیے کبھی مثبت ثابت نہیں ہوتی جب کہ ایک روایت یہ بھی رہی کہ دو تہائی اکثریت ہو تو مزاج آمرانہ ہو جاتا ہے۔ پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ موجودہ حالات میں نظام کا حصہ نہیں بنوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے لیے قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ اسحاق ڈار ایک وزیر ہونے کے ساتھ سینیٹر بھی ہیں۔ ان کے لیے نگراں وزیراعظم بننا مشکل ہوگا۔
شاہد خاقان نے مزید کہا کہ نگراں سیٹ اپ کا فیصلہ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر نے کرنا ہے۔ وزیراعظم اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کریں گے۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں موجود ہی نہیں ہے اس لیے ان سے مشاورت نہیں ہو گی۔