سندھ کے آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
وفاقی بجٹ کی پیشی کے بعد صوبائی بجٹ پیش کرنے کا سلسلہ آج شروع ہوگا
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج صوبے کا بجٹ سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے، سندھ کا مالی سال 2023-24 کا مجموعی بجٹ تخمینہ تقریباً 2ہزار ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
رپورٹس کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 تا 20فیصد اضافہ متوقع ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ 410 ارب روپے رکھنےکی تجویز ہے۔
کراچی کے جاری میگا پروجیکٹس کے لیے 12 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی جائے گی جبکہ ضلعی ترقیاتی بجٹ کے لیے 30 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
اس کے علاوہ بلدیاتی کونسلز کی گرانٹ میں اضافے کی بھی تجویز ہے جبکہ اسکول ایجوکیشن ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک کھرب 65 ارب روپے اور کالج ایجوکیشن کا ترقیاتی بجٹ 65 ارب 80 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے