تحریک انصاف کا پنجاب بھر میں احتجاج کا اعلان۔
قیاد ت نے پارٹی رہنماﺅں اور اراکین اسمبلی کو اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج ریکارڈ کرانے کی ہدایات ، احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی

پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پورے پنجاب میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی نے مینار پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان پر جلسے کے معاملے میں اجازت نہ ملنے پر پلان بی مرتب کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی ذرائع نے پارٹی رہنماﺅں او ر اراکین اسمبلی کو اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج ریکارڈ کرانے کی ہدایات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسی طرح صوبائی دارالحکومت لاہورکے لبرٹی چوک ،مال روڈ اور آزادی چوک پراحتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
تمام ٹکٹ ہولڈرز کو یہ بھی ہدایات دی جائیںگی کہ وہ اپنے اپنے حلقے سے لوگوں کو احتجاج میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھاجس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاگیا تھا جس کے مطابق ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا گیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات پر پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی کی مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست مسترد کردی تھی۔ڈی سی لاہور کایہ بھی کہنا تھا کہ 8 فروری کو لاہور میں کرکٹ میچ، انٹرنیشنل سپیکر زکانفرنس اور ہارس اینڈ کیٹل شو جیسے اہم ایونٹس منعقد ہونے تھے۔ ان ایونٹنس کی وجہ سے پہلے ہی سیکیورٹی پر ہزاروں اہلکار تعینات کئے جا چکے تھے ۔ان وجوہات پر جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تھی۔
ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے مزید یہ بھی کہا گیا تھا کہ لاہور میں سکیورٹی کیلئے پہلے ہی رینجرز اورآارمی کی خدمات لی گئی تھیں۔ غیر ملکی مہمانوں کی سخت سکیورٹی وجوہات پر جلسے کیلئے اضافی نفری فراہم نہیں کر سکتے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بہ بھی کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کا سابقہ ٹریک ریکارڈ غیر مناسب تھا۔ 9 مئی واقعات کے باعث پاکستان تحریک انصاف کو اجازت نہیں دی جا سکتی تھی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مینار پاکستان پر جلسے کرنے کی اجازت نہ دینے پر پی ٹی آئی رہنماوں کا کہنا تھا کہ وہ اس سلسلے میں قانونی راستہ اختیار کریں گے اور جلسے کے انعقاد کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی جانب سے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر کو فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔https://twincitynews.pk/ik-apologized/