ریاض میں قائداعظم محمد علی جناح اور میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد
پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب ریاض ریجن کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ اور معمار پاکستان قائد جمہوریت میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کے سلسلے میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مسلم لیگ ن سعودی عرب ریاض ریجن یوتھ ونگ، خواتین ونگ اور سوشل میڈیا کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے سرپرست اعلی مخدوم امین تاجر، مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صدر عدنان اقبال بٹ، سینئر نائب صدر سعودی عرب محمود الحق ڈوگر، صدر خیبر پختونخوا ونگ فضل رحیم صافی، چوہدری جمیل ربانی، یوتھ ونگ سعودی عرب کے صدر ملک جی ایم اعوان، جنرل سیکرٹری ریاض ریجن مرزا منیر بیگ، خواتین ونگ کی صدر مسز زاہدہ جہانزیب، خواتین ونگ ریاض ریجن کی صدر ڈاکٹر کنول سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمت اللہ علیہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حصول پاکستان کی تحریک میں ان کی ولولہ انگیز قیادت اور دور اندیشانہ فیصلوں پر روشنی ڈالی۔ قائداعظم کی بے مثال قیادت کو یاد کرتے ہوئے ان کی پاکستان کے قیام کے لیے کی جانے والی جدو جہد اور قربانیوں کا تذکرہ کیا گیا۔
مزید برآں، میاں محمد نواز شریف کی پاکستان کے لیے قربانیوں اور جدید پاکستان کی تعمیر میں ان کے کلیدی کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء نے ان کی سیاسی جدوجہد اور ملک کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض سینئر نائب صدر ریاض ریجن چوہدری سجاد علی نے بہت خوبصورتی سے سر انجام دیے۔ دیگر شرکاء میں سوشل میڈیا سے رانا ساجد، یوتھ ونگ سے صارم علی، عمیر جمیل، ملک سہیل، چوہدری نواز، چوہدری اسلم اور میڈیا کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔
تقریب کے آخر میں شرکاء کی جانب سے سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب کے اختتام پر سعودی عرب کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمود باجوہ نے دعا کرائی اور اس خوبصورت تقریب کے میزبان چوہدری سجاد علی کا شکریہ ادا کیا۔