پین کے ڈھکن کے اوپر سوراخ ہونے کی وجہ جانتے ہیں؟
بال پوائنٹ پین کا استعمال متعدد افراد لکھنے کے لیے کرتے ہیں مگر کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ اس کے ڈھکن پر ایک سوراخ موجود ہوتا ہے۔
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر اس کی ایک بہت اہم سائنسی وجہ ہے۔
یہ سادہ وجہ یاد دلاتی ہے کہ کس طرح بظاہر معمولی تبدیلی بھی بہت اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
بیشتر افراد تو بال پوائنٹ پین کے ڈھکن پر غور بھی نہیں کرتے یا ہو سکتا ہے کہ انہیں لگتا ہو کہ اس کا مقصد ہوا کے دباؤ کو کنٹرول کرنا یا سیاہی کو خشک ہونے سے روکنا ہے۔
یقیناً یہ ڈھکن ہوا کے دباؤ کے حوالے سے بھی کام کرتا ہے مگر اس ڈھکن پر سوراخ کی موجودگی کی وجہ لوگوں کو مرنے سے بچانا ہے۔
جی ہاں واقعی بال پوائنٹ پین کے ڈھکن میں موجود سوراخ زندگی کو بچانے کے لیے ہوتا ہے۔
متعدد افراد ہاتھ میں پکڑی چیز وں کو چبانے کے عادی ہوتے ہیں اور بال پوائنٹ پین کا ڈھکن بھی اس میں سے ایک ہے۔
مگر ایسا کرتے ہوئے کچھ افراد ڈھکن کو حادثاتی طور پر نگل لیتے ہیں اور اگر وہ سانس کی نالی میں پھنس جائے تو جان جانے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
تو اس کا حل ایک بال پوائنٹ پین بنانے والی کمپنی نے ڈھکن کے اوپری حصے میں سوراخ کی شکل میں نکالا، تاکہ حادثاتی طور پر اسے نگلنے سے جان کو لاحق ہونے والے خطرے کو کم از کم کیا جا سکے۔
اس کمپنی کی جانب سے متعارف کرایا گیا یہ ڈیزائن بتدریج تمام کمپنیوں کے بال پوائنٹ پین کا حصہ بن گیا۔
خیال رہے کہ صرف امریکا میں ہر سال 100 کے قریب افراد بال پوائنٹ کے ڈھکن کو نگلنے کے باعث سانس رکنے سے ہلاک ہو جاتے ہیں اور اگر ڈھکن میں سوراخ نہ ہو تو یہ تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔