اوورسیز پاکستانی صحافیوں کے لیے نئی قیادت منتخب
الریاض (ٹوئن سٹی نیوز) پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں موجود پاکستانی صحافیوں کے لیے نئی قیادت کا انتخاب کر لیا ہے۔ اس تنظیم کا مقصد دنیا بھر میں پاکستانی صحافیوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہ سکیں اور صحافتی میدان میں ایک دوسرے کی مدد کرسکیں۔
انتخاب میں جاپان سے سینئر صحافی عرفان صدیقی کو سرپرست اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے۔ سعودی عرب سے چوہدری نور حسن گجر کو مرکزی چیئرمین جبکہ روس سے صحافی و تجزیہ نگار ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ کو مرکزی صدر منتخب کیا گیا ہے۔
سینئر نائب صدور میں طارق رفیق بھٹی (اسپین) اور شیخ اعجاز افضل (انگلینڈ) شامل ہیں جبکہ سعودی عرب سے جہانزیب امجد کو نائب صدر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ یوکے سے سفینہ خان کو مرکزی سیکریٹری جنرل اور ڈپٹی سیکریٹری کی حیثیت سے شکیل احمد (یونائیٹڈ کنگڈم) منتخب ہوئے ہیں۔
دیگر عہدوں میں عمران مزمل (سوئٹزرلینڈ) کو جوائنٹ سیکریٹری، سلمان قریشی (متحدہ عرب امارات) کو انفارمیشن سیکریٹری، اور ریاض بلوچ (آسٹریلیا) کو فنانس سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
مختلف ممالک میں تنظیم کے چیپٹر ہیڈز بھی منتخب ہوئے ہیں جن میں طاہر اقبال (ہانگ کانگ)، راجہ غفور افضل (ڈنمارک)، میاں تنویر ساحل (کویت)، محمد عامر صدیق (آسٹریلیا)، تنویر ارشاد (اٹلی)، عاصم صدیقی (امریکہ)، اور اشفاق نور (ساوتھ افریقہ) شامل ہیں۔
پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل دنیا بھر میں پاکستانی صحافیوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔