اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی دورۂ سعودی عرب کے دوران قصیم ریجن کے شہر بریدہ کا دورہ
قصیم بریدہ: اوورسیز پاکستانیوں سے میٹ اپ، کمیونٹی مسائل پر تفصیلی گفتگو

اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے مینجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی دورۂ سعودی عرب کے دوران قصیم ریجن کے شہر بریدہ پہنچے جہاں اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ایک اہم میٹ اپ کا انعقاد کیا گیا۔ ملاقات کا مقصد اوورسیز کمیونٹی کو درپیش مسائل کو سننا اور ان کے حل کے لیے عملی تجاویز پر غور کرنا تھا۔
اس موقع پر افضال بھٹی نے کمیونٹی کے نمائندوں سے تفصیلی گفتگو کی اور تعلیم، روزگار، دستاویزی امور اور دیگر سماجی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے او پی ایف اور حکومت پاکستان بھرپور کوششیں کر رہی ہیں اور کمیونٹی کی تجاویز کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔
تقریب میں سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) خالد اکرم اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) ملک منظور حسین نے بھی خصوصی شرکت کی۔ شرکاء نے افضال بھٹی کے دورے کو خوش آئند قرار دیا اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ایسے رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
میٹ اپ کی میزبانی شہباز مغل اور آصف گبول نے کی، جبکہ سیکرٹری جنرل مسلم لیگ سعودی عرب ملک منظور اعوان نے دورۂ سعودی کے دوران فوکل پرسن کے طور پر انتظامی امور اور رابطہ کاری کے فرائض انجام دیے۔



