امن کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا؛ گنڈاپور
وزیر اعلیٰ کا کرم میں حالات پر قابو پانے کا دعویٰ
اسلام آباد (اسامہ قذافی سے) وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کُرم میں جرگے کے ذریعے بڑے مسائل پر قابو پالیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کُرم میں قیام امن کے لیے حکومت نے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں، امن کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں سے حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی، کُرم میں چند جگہوں پر شرپسند ہیں جن کے سروں کی قیمت مقرر کی ہے، شر پسندوں کے سروں کی قیمت اس لیے مقرر کی ہے تاکہ مسئلہ جڑ سے ختم کیا جائے۔
علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ کُرم سو سال سے زیادہ پرانا مسئلہ ہے جو وقتاً فوقتاً اٹھتا رہا ہے، جرگے سے مسائل کا حل نکالا ہے، چیلنجز بہت ہیں تاہم ہر چیلنجز سے مقابلے کو تیار ہیں، بنکرز کُرم میں قیام امن کے لیے مسئلہ تھے جنہیں روز گرایا جا رہا ہے جب کہ راشن کی چار بڑی کھیپ بھی کُرم پہنچائی جا چکی ہیں۔
خیبرپختونخواہ کے ضلع کرم میں امن و امان کے قیام کیلیے اسلام آباد میں ہونے والا جرگہ خوشگوار ماحول میں ختم ہوگیا، اسلام آباد میں سابق سینیٹر سجاد سید میاں کے گھر پر جرگے کا انعقاد کیا گیا جہاں عمائدین کے لیے پہلے کھانے کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد جرگے کا آغاز ہوا، عمائدین سے خطاب میں سجاد سیاد میاں نے کہا کہ قیام امن کیلیے عمائدین کو قریب لانے کی کوشش کی، عوام امن کیلیے ترس رہے ہیں اور قیام امن چاہتے ہیں۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ جرگے میں سوشل میڈیا کا غلط استعمال روکنے، قیام امن کیلئے ضروری اقدامات پر بات چیت ہوئی جب کہ ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنے پر اتفاق ہوا، دونوں فریقین کے عمائدین کے جرگے کی دوسری نشست پشاور میں ہوگی۔ یاد رہے کہ کرم میں فائرنگ کے واقعات اور جھڑپوں کے باعث چار ماہ سے آمدورفت کے راستے بند ہیں، راستوں کی بندش کے باعث پانچ لاکھ آبادی علاقے میں محصور ہے، سوشل میڈ یا پر ہر قسم کی منافرت اور شر انگیز تقاریر پوسٹ کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور مقامی جرگہ سے سخت ترین سزا کی تجویز دی گئی۔https://twincitynews.pk/ali-amin-gandapur-pti-kpk-leadership-changes/