لاہور میں 9 مئی کو جناح ہاؤس پر شرپسندوں کے حملے کی ہوشربا تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور میں 9 مئی کو جناح ہاؤس پر شرپسندوں کے حملے کی ہوشربا تفصیلات سامنے آ گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 مئی کو دوپہر 2 بجکر 35 منٹ پر پُرتشدد مظاہرین زمان پارک میں اکٹھے ہونا شروع ہوئے،2 بجکر 55 منٹ سے 3 بجکر 20 منٹ کے دوران یاسمین راشد سمیت دیگر قائدین لبرٹی چوک پہنچے۔ سہ پہر 4 بجے مشتعل ہجوم نے کینٹ کا رخ کیا جبکہ 4 بجے سے پہلے شر پسندوں کا ایک ٹولہ شیر پاؤ پل پر پہلے ہی پہنچا ہوا تھا،شام 5 بجکر 15 منٹ پر جناح ہاؤس پر پہلا دھاوا بولا گیا لیکن 30 افراد پر مشتمل اس ٹولے کو واپس دھکیل دیا گیا۔
رپوٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 5 بجکر 27 منٹ پر شر پسند بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ دوبارہ جناح ہاؤس میں داخل ہوئے،5 بجکر 30 منٹ سے 6 بجے تک شر پسندوں نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کر کے نقصان پہنچایا۔
شرپسندوں نے 6 بجکر 7 منٹ پر جناح کو جلا دیا گیا،6 بجکر 10 منٹ پر فوٹریس اسٹیڈیم سے شرپسندوں کی مزید کمک پہنچی جنہوں نے تباہ کاریوں میں کردار ادا کیا۔
ساڑھے 6 سے لیکر 7 بجکر 55 منٹ پر تقریباََ دو ہزار لوگوں نے جناح ہاؤس کو مکمل تباہ کر دیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ شر پسندوں نے ملٹری انجیئنرنگ سروسز کے دفتر پر بھی حملہ کر کے تباہی مچائی تھی۔ یاد رہے کہ آرمی ایکٹ کے تحت درج ہونے والے 2 مقدمات میں عمران خان کو نامزد کر دیا گیا ہے،لاہور کے جناح ہاوس اور گلبرگ عسکری ٹاور پر ہونے والے مقدمات کی تفتیش آرمی ایکٹ کے تحت ہو گی۔ مقدمات میں پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چودھری،حما د اظہر،عمر سرفراز چیمہ،شاہ محمود قریشی،مراد سعید،اسد عمر، ڈاکٹر یاسمین راشد اور محمود الرشید سمیت 50 سے زائد نامزد اور نامعلوم ملزمان ہیں،مقدمات میں دہشت گردی سمیت دیگر 19 دفعات شامل کر لی گئیں۔