پاکستان قونصلیٹ جدہ میں نئے قونصلر جنرل سید غلام مصطفی ربانی سے کمیونٹی رہنماؤں کی ملاقات
چوہدری محمد امجد گجر، انجینئر سجاد خان، سردار اقبال یوسف، چوہدری ریاض گھمن، اتاشی عاقب خان اور پریس اتاشی چوہدری عرفان شریک تھے۔

پاکستان قونصلیٹ جدہ میں حال ہی میں تعینات ہونے والے قونصلر جنرل سید غلام مصطفی ربانی سے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز اور سرگرم شخصیات نے ملاقات کی، جس میں انہیں خوش آمدید کہا گیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ،ملاقات میں پاکستان اوورسیز فورم کے مرکزی ذمہ دار اور کمیونٹی کی ہر دلعزیز شخصیت چوہدری محمد امجد گجر، انجینئر سجاد خان، سردار اقبال یوسف، چوہدری ریاض گھمن، اتاشی عاقب خان اور پریس اتاشی چوہدری عرفان شریک تھے۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مختلف مسائل، قونصلیٹ کی خدمات، اور کمیونٹی و سفارتی ادارے کے درمیان باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا کمیونٹی رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قونصلر جنرل سید غلام مصطفی ربانی کی قیادت میں پاکستان قونصلیٹ جدہ اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، مسائل کے بروقت حل اور سفارتی خدمات کی بہتری کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ اور کمیونٹی کے درمیان مضبوط رابطہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتا ہے،اس موقع پر قونصلر جنرل سید غلام مصطفی ربانی نے ملاقات پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمت قونصلیٹ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کمیونٹی کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا جائے گا اور انہیں حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔



