محمد رضوان کا نیا دور: پاکستان کرکٹ ٹیم کی وائٹ بال کپتانی سنبھالی
اسلام آباد (ٹوئن سٹی نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی فارمیٹس کے لیے نئے کپتان کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ٹیم کی قیادت کے لیے سب کی متفقہ رائے سے انتخاب کیا گیا ہے۔ وائٹ بال کرکٹ میں قیادت کی یہ ذمہ داری محمد رضوان کو سونپی گئی ہے جبکہ آغا سلمان ان کے نائب ہوں گے۔
قومی ٹیم کے سلیکٹرز نے دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے 15 رکنی سکواڈز کا اعلان بھی کیا ہے۔ اسکواڈ میں سابق کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے، جو انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد ٹیم سے باہر کیے گئے تھے۔ تاہم ان تینوں کھلاڑیوں کو زمبابوے کے دورے میں آرام دیا جائے گا۔
محمد رضوان آسٹریلیا کے خلاف تمام میچز اور زمبابوے کے دورے میں صرف ون ڈے میچز میں دستیاب ہوں گے۔ سلیکٹرز نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے پیش نظر دونوں دوروں کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کے نمایاں پرفارمرز کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
دورہ آسٹریلیا میں پاکستان 4 سے 10 نومبر تک 3 ون ڈے میچز کھیلے گی، اور 14 سے 18 نومبر تک ٹی 20 میچز کا سلسلہ ہوگا۔ بعد ازاں ٹیم زمبابوے کا رخ کرے گی، جہاں 24 سے 28 نومبر تک تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور یکم دسمبر سے 5 دسمبر تک 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز شیڈول ہیں۔