بجلی کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا گیا
حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا دیا
اسلام آباد(نمائندہ ٹوئن سٹی نیوز)حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا دیا، قیمت میں ایک روپے 90پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا،اضافے کا اطلاق جولائی کے بلز میں ہو گا، نیپرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا،بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا تھا،اعلامیے کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے سے فی یونٹ بنیادی ٹیرف 29 روپے 78 پیسے ہوجائے گا۔
علامیے میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف کا تعین سال 24-2023 کیلئے کیا گیا ہے، اس سے پہلے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 پیسے تھا۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے بعد بجلی کا ایک یونٹ اوسطاً پچاس روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے۔
اس وقت ملک بھر کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 پیسے ہے۔ گزشتہ مالی سال بجلی کا بنیادی ٹیرف 16 روپے 91 پیسے سےبڑھا کر 24 روپے 82 پیسے کیا گیا تھا۔بنیادی ٹیرف سمیت اس وقت ملک میں بجلی کا ایک یونٹ اوسطاً تقریباً45 روپے کا ہے۔