حکومت اعلی تعلیم کے شعبے کی ترقی اور نوجوانوں کو علم اور ٹیکنالوجی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے ،پلاننگ کمیشن
آئندہ دور کے چیلنجز اور نئے تقاضوں کے مطابق تعلیم کے حصول کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے 24 ۔ 2023 کے ترقیاتی پروگرام کے تحت 60 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں، یہ اقدامات ہمارے طالب علموں کو جدید چیلنجز سے نمٹنے اور ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے فنی مہارت اور علم فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
تعلیم کے میدان میں سب کے لئےمساوی مواقع فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، جو بچے تعلیم کی سہولت سے محروم ہیں اور سکولز میں داخل نہیں ہیں ان کی تعلیم کی فراہمی کے لیے نیشنل فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کے لیے حکومت نے 25 ارب روپے مختص کیے ہیں تاکہ ہر بچے کو معیاری تعلیم حاصل ہو اس کے علاوہ، ایک ارب روپے کے بجٹ کے ساتھ اساتذہ کی تربیت کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایکسی لنس قائم کیا گیا ہے ، جس کا مقصد ہمارے اساتذہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو بڑھانے کا ہے۔