ریاض میں پاکستان کے سب سے بڑے پاکستانی ریسٹورنٹ ’’دعوتِ مجبور‘‘ کا شاندار افتتاح

زرین خان مجبور نے تمام معزز مہمانوں، کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا

پاکستانی پکوان اپنی منفرد لذت، خوشبو اور ذائقے کی بدولت دنیا بھر میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں۔ سعودی عرب میں کاروبار کے وسیع مواقع میسر ہیں اور پاکستانی کاروباری افراد ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کامیابی کی نئی مثالیں قائم کر رہے ہیں۔ اسی تسلسل میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان کے سب سے بڑے پاکستانی ریسٹورنٹ ’’دعوتِ مجبور‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جس نے مختصر وقت میں پاکستانی کمیونٹی سمیت دیگر حلقوں میں اپنی انفرادیت کی بدولت مقبولیت حاصل کر لی ہے۔

ریسٹورنٹ کی افتتاحی تقریب میں سعودی شہریوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نجم نواز ثاقب نے سفیرِ پاکستان احمد فاروق کی نیابت کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نجم نواز ثاقب نے کہا کہ پاکستانی پکوان نہ صرف ذائقے میں منفرد ہیں بلکہ یہ سعودی عرب میں پاکستان کی ثقافت اور مہمان نوازی کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ہیں۔ انہوں نے ’’دعوتِ مجبور‘‘ کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات میں ایک خوشگوار اضافہ قرار دیا۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کے اونر زرین خان مجبور نے تمام معزز مہمانوں، کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’دعوتِ مجبور‘‘ کا مقصد پاکستانی مہمان نوازی، روایتی ذائقوں اور معیاری کھانوں کو سعودی عوام تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریسٹورنٹ پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد، اعتماد اور باہمی تعاون کی علامت ہے۔

 

افتتاحی تقریب میں مہمانانِ خصوصی میں سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن خالد اکرم رانا، صدر پیپلز پارٹی ریاض ریجن احسن عباسی، صدر یوتھ فورم محمد ابراہیم جٹ، ذاکر خان اور جنرل سیکریٹری یوتھ فورم توصیف احمد شامل تھے، جنہوں نے ریسٹورنٹ کے قیام کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

 

تقریب میں موجود دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے معاشی اور کاروباری منصوبے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ سعودی حکومت کے تعاون کا بھی واضح ثبوت ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

 

افتتاحی تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے افسران کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی اور فلاحی تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ میڈیا نمائندگان میں عمران اعوان، کامران اشرف، وقار نسیم وامق، کامران حسانی اور محمد نوید شامل تھے جنہوں نے تقریب کی بھرپور کوریج کی۔

 

شرکاء نے ’’دعوتِ مجبور‘‘ کے قیام کو ریاض میں پاکستانی کھانوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ریسٹورنٹ نہ صرف ذائقے بلکہ معیار اور خدمات میں بھی نئی مثال قائم کرے گا۔

Kamran Ashraf

کامران اشرف ڈیجیٹل صحافی ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم ہے اور پاک سعودی تعلقات سمیت امور خارجہ کی رپورٹننگ کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button