سائفر کیس،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین آج بھی رخصت پر
عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی 11 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی
سائفر کیس،عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت آج بھی نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کے باعث سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور اور شاہ محمود قریشی کی ضمانتوں پر کارروائی نہ ہو سکی،عدالتی عملے نے پی ٹی آئی وکلاء کو آگاہ کیا کہ جج ابو الحسنات ذوالقرنین رخصت پر ہیں۔
سیکرٹ عدالت کے جج کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے سماعت بغیر کارروائی 11 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ گزشتہ دو سماعتوں پر بھی جج کی رخصت کے باعث بغیر کارروائی سماعت ملتوی ہو گئی تھی۔ عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جج ابو الحسنات ذوالقرنین ریمانڈ دینے آ گئے لیکن آج چھٹی پر چلے گئے۔
انہوں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ پروڈکشن آرڈر جاری کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کیا جائے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کے باعث ضمانت کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں ہو سکی تھی۔ عدالتی عملے نے کہا کہ جج ابوالحسنات ذوالقرنین اپنی اہلیہ کی طبعیت کی سازی کے باعث ایک ہفتے کی رخصت پر ہیں،جج ابو الحسنات ذوالقرنین 8 ستمبر تک رخصت پر ہیں۔