سی ڈی اے کا زون تھری اور فور میں غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کیخلاف آپریشن
اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے کی انتظامیہ نے اسلام آباد کے زون تھری اور فور میں غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کر دیا۔ جسکے تحت پہلے مرحلے میں ان سوسائٹیوں کے انتظامی اور تشہیر کے لئے بنائے جانے والے دفاتر کو سربمہر کیا جارہا ہے۔
اس ضمن میں اب تک غیر قانونی ہاوسنگ سکیم غوری ٹاون اور راول انکلیو کے انتظامی دفاتر کو سربمہر کیا جاچکا ہے۔ان سوسائٹیز کے خلاف کارروائی کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 1960، آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشن 1992 اور آئی سی ٹی بلڈنگ کنٹرول ریگولیشن 2020 کی دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پلاٹوں کی غیر قانونی خرید وفروخت کرنے پر کی جا رہی ہیں۔اس ضمن میں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ بارہا مرتبہ بذریعہ اخبار اشتہارات عوام الناس کو خبردار کر چکی ہے کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سکمیوں میں پلاٹ خریدنے سے اجتناب کریں اور سرمایہ کاری کرنے سے پہلے اس امر کی تسلی کرلیں کہ سوسائٹی کے سپانسر نے مطلوبہ شرائط پورا کرنے کے بعد CDA سے NOC حاصل کیا ہے۔
اس ضمن میں شہری ہاسنگ سوسائٹیوں کے تازہ ترین سٹیٹس اور منظور شدہ لے آٹ پلانز کی تفصیل کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ www.cda.gov.pk سے بھی چیک کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے مالکان کے خلاف سی ڈی اے آرڈیننس ایم ایل آر 63، ایم ایل آر 82، انوائرمنٹل پروٹیکشن 2008 سمیت لینڈ سکیپ آرڈینس5 /4 کے تحت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا ئے گی۔