ایم پی اے اسلم ابڑو کی گاڑی پر فائرنگ، بھائی اور بیٹا جاں بحق
رکن صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو کی گاڑی پر فائرنگ سے ان کے بھائی اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں ایم پی اے اسلم ابڑو کی گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جس سے گاڑی میں موجود ان کے بھائی اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔
ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کے مطابق گاڑی میں موجود 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں، الہٰی بخش نامی ملازم واقعے میں محفوظ رہا، ملزمان نے تعاقب کر کے گاڑی کو نشانہ بنایا، جائے وقوعے سے بڑے ہتھیار اور نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں، کرائم سین یونٹ کو طلب کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات لیے جائیں گے، پولیس حکام متاثرہ فیملی سے بھی رابطے میں ہیں، ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ نے بتایا کہ بظاہر ملزمان ایک سے زائد موٹر سائیکل پر سوار تھے، اور انھوں نے گاڑی پر تقریباً 25 کے قریب فائر کیے۔
پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعہ نوعیت کا ہے، اسلم ابڑو کا تعلق جیک آباد سے ہے جہاں ان کی خاندانی دشمنی بھی چل رہی ہے، تاہم پولیس حکام واقعے سے متعلق مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہے ہیں، اور علاقے کے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی چیک کیے جا رہے ہیں