انزائٹی جیسے عام مرض کا علاج کرنے والے حیرت انگیز طریقے
انزائٹی ایک ایسا عارضہ ہے جو موجودہ عہد میں بہت زیادہ عام ہوتا جا رہا ہے اور اس کا علاج عموماً سائیکو تھراپی یا ادویات سے کیا جاتا ہے۔
انزائٹی بنیادی طور پر شدید گھبراہٹ، فکرمندی، پریشانی اور ڈر کو کہا جاتا ہے۔
معمولی گھبراہٹ یا ڈر تو نقصان دہ نہیں ہوتا مگر جب کیفیات کی شدت زیادہ ہو اور اکثر ایسا ہو تو پھر ضرور اس کی روک تھام کے لیے کوششیں کرنی چاہیے۔
انزائٹی پر توجہ نہ دی جائے تو معیار زندگی بہت بری طرح متاثر ہوسکتا ہے ۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند آسان اور حیرت انگیز طریقوں سے اس پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
سیدھے کھڑے ہوجائیں
طبی ماہرین کے مطابق جب ہم فکرمند، پریشان یا بے چین ہوتے ہیں تو اپنے بالائی جسم کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کمر کو آگے جھکا لیتے ہیں۔
انزائٹی سے فوری ریلیف کے لیے سیدھا کھڑے ہوکر شانے پیچھے کرلیں اور سینہ باہر نکال کر گہری سانس لیں۔
اس سے جسم کو یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ آپ کسی خطرے کی زد میں نہیں اور سب کچھ آپ کے کنٹرول میں ہے۔
5۔5۔5 گیم
بہت زیادہ بے چین ہونے یا فکرمند ہونے پر منفی خیالات کا غلبہ ہو جاتا ہے تو اس کیفیت سے نکلنے کے لیے اردگرد دیکھیں اور جو کچھ نظر آئے اس میں سے 5 چیزوں کے نام زبان سے ادا کریں۔
5 آوازوں کو سنیں اور آخر میں جسم کے 5 حصوں کو حرکت دیں جیسے گردن گھما کر دائیں بائیں دیکھیں، ٹخنے کو گھمائیں، سر اوپر نیچے کریں، کانوں کو ہاتھ سے حرکت دیں اور ہاتھ کو گھمائیں۔
خوشبو سونگھیں
لیونڈر، گریپ فروٹ ، چنبیلی ، گلاب، سونف کے تیل اور لیمن بام وغیرہ کی مہک کو سونگھنا انزائٹی کی شدت میں کمی لاتا ہے۔
مزاحیہ ویڈیو دیکھیں
جی ہاں مزاحیہ ویڈیو دیکھنے سے انزائٹی سے فوری نجات میں مدد مل سکتی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ ہنستے ہوئے بے چینی یا فکرمندی کے شکار نہیں رہ سکتے۔
ہنسی سے جسم کو سکون ملتا ہے اور انزائٹی ختم ہو جاتی ہے۔
تیز چہل قدمی کریں
ورزش سے انزائٹی کی شدت میں کمی آتی ہے جبکہ مزاج خوشگوار کرنے والے ہارمونز کی تعداد بڑھتی ہے۔
تیز چہل قدمی سے ذہن صاف ہوتا ہے اور آپ چلتے ہوئے بار بار گہری سانسیں لے کر انزائٹی کو قابو کر سکتے ہیں۔
پرسکون کرنے والا گانا سنیں
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ایک گانے کو اعصابی نظام کو پرسکون کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس گانے سے انزائٹی کی شدت میں 65 فیصد تک کمی آتی ہے جسے آپ اس لنک پر جاکر سن سکتے ہیں۔
کچھ کریں
بے چین یا فکرمند ہونے پر کچھ کرنے سے ذہنی کیفیت بہتر ہو سکتی ہے، جیسے اپنے سامنے میز کی صفائی کر دیں۔
کمرے سے کچن میں جاکر پانی پی لیں یا اردگرد گھوم کر کوئی کام کرلیں۔
آپ جو مرضی کام کریں، اس سے خیالات پر اثرات مرتب ہوں گے اور خیالات ہی عموماً انزائٹی کا باعث بنتے ہیں۔
دوسروں افراد کی جسمانی بو سونگھیں
مارچ 2023 میں سوئیڈن کے کیرولینسکا انسٹیٹیوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دیگر افراد کی جسمانی بو کو سونگھنا سماجی انزائٹی یا سماجی خوف جیسے مسئلے کا مؤثر علاج ثابت ہو سکتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ کسی کی جسمانی بو کو سونگھنے سے لوگوں کے وہ دماغی حصے متحرک ہوتے ہیں جو جذبات سے منسلک ہوتے ہیں اور سکون کا احساس دلاتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ اس ابتدائی تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ دیگر افراد کی جسمانی مہک کو سونگھنے سے سماجی انزائٹی کا علاج ممکن ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ اس طریقہ کار سے لوگوں کو سماجی انزائٹی کے مسئلے سے بچانے میں مدد مل سکے گی۔
تحقیق کے دوران لوگوں کے پسینے کے نمونوں کو اکٹھا کرکے جسمانی بو کو مریضوں کو سونگھایا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ انسانی جسمانی بو سونگھنے والے افراد کی انزائٹی میں 39 فیصد تک کمی آئی۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔