وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے قائداعظم کے 150ویں یومِ پیدائش کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا

اسلام آباد(ٹوئن سٹی نیوز) وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال چوہدری کی جانب سے آج بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے 150ویں یومِ پیدائش کی قومی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک شاندار اور پروقار تقریب جناح کنونشن سینٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
اس تاریخی تقریب میں سینئر سیاسی قیادت، نامور شخصیاتِ فن جن میں احسن خان اور سروت گیلانی شامل تھیں ممتاز اسکالرز، نوجوان نمائندگان اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد بانیٔ پاکستان کی حیات، وژن اور لازوال جدوجہد پر غور و فکر کرنا تھا۔

تقریبات میں طارق فاطمی، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر سمیت دیگر معززین اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ استقبالی کلمات کے بعد قائداعظم کی زندگی اور قیادت کے اہم سنگِ میل اجاگر کرنے والی ایک خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ پروگرام میں “اُڑان پاکستان” ترانہ اور نوجوانوں پر مشتمل “مائی قائد” ویڈیو پیغام بھی پیش کیا گیا، جس میں نوجوانوں نے قائداعظم کے افکار اور اصولوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب کے ایک اہم حصے میں ممتاز قائداعظم اسکالرز کے ساتھ مکالمہ ہوا، جس میں قائداعظم کی سیاسی بصیرت آئینی وژن اور اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ سینئر معززین نے قائداعظم کے وژن اسٹیٹمنٹس پیش کرتے ہوئے موجودہ قومی چیلنجز کے تناظر میں ان کی افادیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے بھی خطاب کیا اور قائداعظم کے پیغام کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے میں میڈیا، تعلیم اور ثقافت کے کردار پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے قائداعظم کے 150ویں یومِ پیدائش کے سلسلے میں سال بھر جاری رہنے والی تقریبات، مکالموں اور قومی سرگرمیوں کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کو عملی قومی ترقی، بہتر طرزِ حکمرانی اور ہمہ گیر پیش رفت میں ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ افتتاحی تقریب ایک جامع قومی مہم کا آغاز ہے، جس کا مقصد پورے سال بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کے افکار و اصولوں کو ملک بھر میں نئی روح کے ساتھ اجاگر کرنا ہے۔



